افغان سفیر کی بیٹی کے معاملے کی تہہ تک پہنچ جائیں گے،شیخ رشید

156

اسلام آباد (آئی این پی) وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ داسو واقعے پرپاک چین مشترکہ تحقیقات ہو رہی ہے،72گھنٹوں میں افغان سفیر کی بیٹی کے کیس کی تحقیقات مکمل ہو جائیں گی۔ اتوار کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ افغان سفیر کی بیٹی پر تشدد کے معاملے کی تہہ تک پہنچا جائے گا،یہ کیس ایک روز تک حل ہو جائے گا، بھارتی میڈیا نے پرانی تصاویر کے ساتھ اس کیس کو اچھالا، شیخ رشید نے کہا کہ افغان سفیر کی بیٹی کا واقعہ 16جولائی کا ہے،کل افغان سفارتخانہ کی طرف سے تفصیلات کو ہم سے شیئر کیا گیا۔ اس کیس میں ابھی تک کوئی گرفتاری نہیں ہوئی،72گھنٹوں میں افغان سفیر کی بیٹی کے کیس کی تحقیقات مکمل ہو جائیں گی،سفیر کی بیٹی گھر سے ٹیکسی پر کھڈا مارکیٹ گئی،کھڈا مارکیٹ سے یہ ایک اور ٹیکسی پر راولپنڈی جا رہی تھیں، راولپنڈی سے تیسری ٹیکسی پر دامن کوہ گئی، ٹیکسی ڈرائیورز سے پوچھ گچھ کی، پولیس کو رات درخواست دی گئی ،جس پر ایف آئی آر درج کر دی گئی ہے۔وزیر داخلہ نے بتایا کہ واقعے کے بعد افغان سفیرکی بیٹی پہلے نجی اسپتال گئی اس کے بعد پمز گئیں، سیف سٹی کیمروں کی مدد سے فوٹیج حاصل کی، کھڈا مارکیٹ سے راولپنڈی جانا اور وہاں سے شاپنگ کرنا تفتیش کا حصہ ہے، تمام صورتحال حقائق کے ساتھ دنیا کے سامنے رکھیں گے،سیف سٹی میں 15سو مزید کیمروں کا اضافہ کیا جا رہا ہے،انہوں نے کہا کہ داسو واقعہ پر تحقیقات جاری ہیں،پاک چین مشترکہ تحقیقات ہو رہی ہیں۔ وزارت داخلہ کی تحقیقات کو سراہا گیا ہے،چین نے کہا ہے کہ واقعے پر پاک چین بیانیہ ایک ہونا چاہیے،چینی کمپنی نے ڈیم پر کام بند نہیں کیاپاکستان اپنی سر زمین کسی کے خلاف استعمال نہیں ہونے دے گا، توقع رکھتے ہیں افغانستان بھی پاکستان کے خلاف اپنی سر زمین استعمال نہیں ہو نے دے گا۔