بھمبر/میرپور(مانیٹرنگ ڈیسک +آن لائن) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ دنیا میں جہاں بھی غربت ہے وہاں نواز شریف اور زرداری جیسے لیڈرز ہیں،نواز شریف اداکاری کرکے ملک سے فرار ہوگیا، کمزور جیلوں میں جائے اور طاقتور این آر او لے کر باہر جا کراپنے پوتے کا پولو میچ دیکھے، یہ بادشاہوں کا کھیل ہے، عام لوگوں کا کھیل نہیں ، بتائیں پوتے کے پاس اتنا پیسہ کہاں سے آیا، کیایہ آپ کا پیسہ ہے؟ان خیالات کا اظہار انہوں نے آزاد کشمیر کے علاقے بھمبر اور میر پور میں پی ٹی آئی کے انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئیکیا۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمیں عظیم قوم بننا ہے، اس راستے پر نکل چکے ہیں، ظلم کے نظام کے خلاف ہمارا جہاد ہے، قانون کی حکمرانی کے لیے ہم جنگ لڑ رہے ہیں، عمران خان کوئی ڈنڈوں سے عدالت عظمیٰ پر حملہ نہیں کرتا، عمران خان کسی جج کو فون نہیں کرتا کہ 3نہیں 5 سال سزا دو، یہاں عدالتیں آزاد ہیں، لاہور ہائی کورٹ کو تحریک انصاف کنٹرول نہیں کرتی پھر یہ ملک سے بھاگے ہوئے کیوں ہیں؟ جو پرانے نظام کو بچانا چاہتے ہیں ان سے ہم ہر روز جنگ لڑ رہے ہیں، عوام کی مدد سے ان مافیاز کو شکست دے کر دکھاؤں گا ۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آزاد انسان کبھی کسی کی غلامی نہیں کرتا، مجھے فخر ہے میں نے کشمیر کا کیس پوری دنیا میں اٹھایا،کشمیریوں کے لیے خوش خبری ہے، آنے والے دنوں میں ہم مقبوضہ کشمیر کو آزاد دیکھیں گے۔ عمران خان نے کہا کہ ووٹ دیتے وقت کبھی دوستی، خاندان یا قبیلہ کا نہ سوچیں، اس طرح ہمارا ملک کبھی ترقی نہیں کرے گا، 25 تاریخ کو دوستیوں اور رشتہ داریوں سے بالاتر ہونا اور نظریے کو ترجیح دینا ہوگی ،ووٹ ڈالتے وقت لوگوں سے پوچھیں کہ کیا ان کا لیڈر سچا ہے؟ ہمیں اپنے ملک کو بدلنا ہے، اپنے آپ کو بدلنا ہے، نبیﷺکی شریعت پر چلیں، شریعت پر چلنے سے انسان بڑآدمی بن جاتا ہے، چاہتا ہوں پوری دنیا پاکستانیوں کو عزت سے دیکھے، بھیک مانگ کر اور قرضے لے کر ملک نہیں چلایاجاسکتا۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ بدقسمتی سے ہم غلط راستے پر چلے گئے تھے، بھیک لینے والے کی کوئی عزت نہیں کرتا، میں دنیا بھر میں سبزپاسپورٹ کی عزت کراناچاہتاہوں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم طاقت ور کو قانون کے نیچے لانے کی کوشش کررہے ہیں، ن لیگ کی آدھی قیادت ملک سے باہر ہے، اگر آپ کا لیڈر ایمان دار نہیں تو پھر ملک کے وزیر بھی کرپٹ ہوں گے، نوازشریف کا منشی ہماری حکومت سے پہلے بھاگ گیا۔