ایس ایس پی ٹھٹھہ کا تھانوں اور پوسٹوں کا اچانک دورہ

196

ٹھٹھہ (نمائندہ جسارت) ایس ایس پی ٹھٹھہ ڈاکٹر محمد عمران خان نے سب ڈویژن ٹھٹھہ اور ساکرو کے تھانوں اور پوسٹوں کا اچانک دورہ کیا جسکا مقصد عیدالاضحی کی آمد کے موقع پر علاقے کے امن و امان کو برقرار رکھنا، تھانوں کے ریکارڈ کا معائنہ کرنا، ڈیوٹی پر موجود جوانوں کو چیک کرنا، ان سے ملاقات کرکے ان کے مسائل کو حل کرنا، جرائم پیشہ افراد اور منشیات فروشوں کیخلاف پولیس کارروائیوں کو تیز کرنے کے لیے تمام افسران اور جوانوں کو ہدایات جاری کرنا تھا۔ اس دوران تھانوں پر موجود تمام ایس ایچ اوز، انچارچز پولیس پوسٹز اور ہیڈ محرروں سے ریکارڈ کی معلومات حاصل کی گئیں اور صفائی ستھرائی کا معائنہ بھی کیا گیا، اس کے ساتھ وہاں تعینات جوانوں سے اپنے فرائض کے حوالے سے معلومات حاصل کی گئیں۔ اس کے علاوہ ایس ایس پی ٹھٹھہ ڈاکٹر محمد عمران خان نے تمام افسران کو عوامی شکایات کو فی الفور حل کرنے کے لیے سختی سے ہدایات بھی جاری کیں اور منشیات فروشوں اور جرائم پیشہ افراد کیخلاف بھرپور کارروائیاں کرنے کے احکامات بھی دیے۔ اس موقع پر فرائض میں غفلت برتنے پر متعلقہ افسران کو سزائیں بھی دی گئیں۔ ایس ایس پی ٹھٹھہ نے تمام افسران و جوانوں کو گٹکا و منشیات و جرائم پیشہ عناصر کیخلاف کارروائیاں تیز کرنے کی سختی سے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ اپنے فرائض محنت اور ایمانداری سے سر انجام دیں اگر کسی بھی افسر یا اہلکار نے اپنے فرائض میں غفلت کی تو اس کیخلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ایس ایس پی ٹھٹھہ ڈاکٹر محمد عمران خان کے اچانک طوفانی دورے اور پولیس افسران اور اہلکاروں کو منشیات فروشوں جرائم پیشہ عناصر کیخلاف سخت ہدایات جاری کرنے پر ٹھٹھہ اور ساکرو کے عوام نے ایس ایس ٹھٹھہ ڈاکٹر محمد عمران خان کے دوروں اور احکامات کو بے حد سراہا ہے۔