ٹھٹھہ ٹرانسفارمر بنانے والے مستریوں کی چور بازاری عروج پر

276

ٹھٹھہ (نمائندہ جسارت) ٹرانسفارمر بنانے والے مستریوں کی چور بازاری، مکلی کے کئی ٹرانسفارمرز مہینے میں چار چار دفعہ جلنے لگے، بجلی صارفین پیسے دے دے کر بیزار آگئے، ایم پی اے سید ریاض حسین شاہ، ڈی سی ٹھٹھہ، حیسکو چیف، ایکسیئن ٹھٹھہ سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ۔ مکلی اور ٹھٹھہ میں ہیڈ کوارٹر میں بجلی کے ٹرانسفارمر جلنے کے واقعات میں دن بدن اضافہ ہونے لگا، حیدری چوک مکلی کے قریب ایک ہفتے قبل ہزاروں روپے میں بنایا گیا ٹرانسفارمر آج پھر دھماکے سے پھٹ گیا اس کے علاوہ دیگر علاقوں میں بھی یہی اطلاعات ہیں، یہ ٹرانسفارمر اس مہینے میں چوتھی دفعہ جلا ہے، جسکی سب سے بڑی وجہ ٹرانسفارمر مستریوں کی چور بازاری ہے، جو کوائل یا بش جلنے کے ہزاروں روپے عوام سے بٹورتے ہیں جبکہ ٹرانسفارمر لگانے میں حیسکو کا عملہ سارا کام کرتا ہے مگر مزدوری کے پیسے بھی مستری بٹور لیتے ہیں۔ حیدری چوک کے قریب لگے ٹرانسفارمر کے جلنے کی وجہ سے عوام سخت پریشان ہیں عوام کا کہنا ہے کہ عیدالاضحی پر قربانی کرنے کے جو پیسے جمع کرے تھے وہ بھی ٹرانسفارمرز مستریوں کی نظر ہوگئے، اب عید قریب ہے اور کرونا کی چوتھی لہر بھی چل رہی ہے۔ انہوں نے ایم پی اے سید ریاض حسین شاہ شیرازی، ڈی سی ٹھٹھہ، حیسکو چیف اور دیگر بالا حکام سے اپیل کی ہے کہ مکلی پوسٹ آفس ایریا، حیدری چوک سے پہلے والے ٹرانسفارمرز کو تبدیلکرواکر 200 وولٹ والے نئے ٹرانسفارمرز عید سے قبل لگواکر دیے جائیں تاکہ عوام سکون کا سانس لے سکیں۔ ٹرانسفارمر مہینے میں چوتھی دفعہ پھٹنے کی وجہ سے عوام گھروں سے باہر بیٹھنے پر مجبور ہیں اور پانی کی قلت سے دوچار ہیں درزی حضرات کو بھی سخت مشکلات اٹھانا پڑرہی ہے انہیں لاکھوں روپے کے نقصان کا خطرہ ہے۔