بلوچستان کے وسائل استعمال ہوں تو غربت کا خاتمہ ہوسکتا ہے، سراج الحق

234

کوئٹہ: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کا کہنا ہے کہ ملک کی خوشحالی بلوچستان سے وابستہ ہے،بلوچستان کے وسائل صحیح استعمال ہوں تو غربت کا خاتمہ ہوسکتاہے،بلوچستان کی حکومتوں نے عوام کے ساتھ انصاف نہیں کیا۔

پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ جام کمال نے کمال کرتے ہوئے صوبے میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں رکھی،دنیا چاند پر قدم رکھنے کے بعد مریخ پر جارہی ہے اور بلوچستان میں گیس نہیں، یہاں کے لوگوں کے پاس پینے کے پانی کے علاوہ روزمرہ کے استعمال کے لیے  بھی پانی نہیں۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ بلوچستان کی عوام بجلی سے بھی محروم ہیں ، جس کی وجہ سے چہروں پر مایوسی ہے اور وہ ہجرت کررہے ہیں۔

امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ حکمرانوں نے مزید قرضے نہ لینے کا وعدہ کیا تھا،پیپلز پارٹی اور ن لیگ نے ہمیشہ تحریک انصاف کا ساتھ دیا،ملک میں حقیقی تبدیلی کی ضرورت ہے،الیکشن سے ہمارے حالات بدل نہیں سکتے،افغانستان میں حالات بدل رہے ہیں۔