عیدالاضحیٰ کے موقع پر ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے ،ڈی سی ٹھٹھہ

111

ٹھٹھہ (نمائندہ جسارت )ڈپٹی کمشنر غضنفر علی قادری نے تمام متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ عیدالاضحی کے دنوں میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے اور عید نماز اور بعدازاں جانوروں کی قربانی کے لیے حکومت کے جاری کردہ ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنانے سمیت ضلع بھر میں صفائی ستھرائی، امن و امان، رواداری اور بھائی چارے کی فضا کو قائم رکھنے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں اور اس ضمن میں انتہائی ضروری عملے کی چھٹیاں بھی منسوخ کی جائیں۔ ان باتوں کا اظہار انہوں نے آج دربار ہال مکلی میں عیدالاضحی کے انتظامات کا جائزہ لینے کے موقع پر منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ایس ایس پی ڈاکٹر محمد عمران خان کے علاوہ رینجرز، صحت، ریونیو، لوکل گورنمنٹ، انفارمیشن و دیگر متعلقہ محکموں کے افسران اور علماء کرام نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ عیدالاضحی کے موقع پر کھالیں جمع کرنے کیلیے غیر قانونی کیمپس کے قیام، عمارات اور گاڑیوں پر لاؤڈ اسپیکر اور بینرز کے استعمال پر مکمل پابندی عائد ہوگی۔ انہوں نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ مختارکار اور اسسٹنٹ مختارکار کو عیدالاضحی کے دوران ضلع بھر کی مجموعی صورتحال کی نگرانی کرنے اور تحصیل و ٹاؤن سطح پر کنٹرول رومز کے قیام کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے انہیں مزید ہدایت کی کہ وہ عیدالاضحی کے دوران منافع خوروں کیخلاف سخت کارروائی کریں اور غیر قانونی مویشی منڈیوں کو ہٹایا جائے۔ انہوں نے ٹاؤن افسران کو ہدایت کی کہ عیدالاضحی کے دنوں میں جانوروں کی قربانی کے بعد صفائی ستھرائی اور آلائشوں کو ٹھکانے لگانے اور اسپرے، فیومیگیشن کیلیے مؤثر اقدامات کیے جائیں جبکہ نکاسی آب کے نظام کو بہتر جبکہ گٹروں کے مین ہولز پر ڈھکن لکانے کو بھی یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو پر سکون ماحول فراہم کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے باعث عوام کو احتیاط سے کام لینا چاہیے اور بازاروں میں عید کی شاپنگ کے دوران رش سے گریز کیا جائے۔ انہوں نے ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے افسران کو سختی سے ہدایت کی کہ عیدالاضحی کے موقع پر تمام ٹرانسپورٹرز کو اضافی کرایہ لینے سے گریز کرنے کا پابند بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی اولین کوشش ہے کہ عیدالاضحی کے موقع پر عوام کو صفائی کی بہتر سہولیات فراہم کی جائیں۔ قبل ازاں ایس ایس پی نے کہا کہ پولیس کے جوان ہر وقت الرٹ ہیں، دشمن کی کسی بھی سازش کو کامیاب ہونے نہیں دیں گے جبکہ ضلع کے تمام داخلی و خارجی راستوں پر سیکورٹی کے انتظامات بھی سخت کیے گئے ہیں اور ضلع میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلیے کوشاں ہیں۔