کشمیر کا سودا کرنے والوں کو تاریخ کبھی معاف نہیں کریگی،سراج الحق

189
مظفر آباد: امیر جماعت اسلامی سراج الحق ’’کشمیر بچائو کانفرنس‘‘ سے خطاب کررہے ہیں

مظفر آباد( نمائندہ خصوصی)امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہاہے کہ کشمیر کا سودا کرنے والوں کو تاریخ کبھی معاف نہیں کرے گی ۔ پی ٹی آئی ، پی پی او ر نون لیگ کو کبھی احساس نہیں ہوا کہ کشمیری کس کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں ۔ کشمیری نوجوان بے روزگار ہیں ، مہنگائی اور غربت نے خطے میں ڈیرے ڈال رکھے ہیں ۔ کشمیری عوام کو مزید بے وقوف نہیں بنایا جاسکتا ۔ 25 جولائی کو کشمیری’’ ترازو‘‘ کے نشان پر مہر لگا ئیں ۔ اقتدار میں آئے تو کشمیریوں کو ان کے حصے کی رائلٹی ملے گی ۔ صحت اور تعلیم کی سہولیات کے در وازے ہر عام و خاص پر یکساں کھولیں گے ۔ کشمیر کو الگ صوبہ بنانے کے منصوبے بنانے والے جان لیں کہ ایسا نہیں ہونے دیں گے ۔ جماعت اسلامی کشمیر کی آزادی کا کیس 7 دہائیوں سے لڑ رہی ہے ۔ افغانستان تبدیل ہورہاہے ، فلسطینی میدان عمل میں ہیں، مقبوضہ کشمیر بھی آزاد ہوگا ۔ کشمیریوں کی جرأت و بہادری کا کوئی ثانی نہیں ۔ کشمیری مائوں بہنوں بیٹیوں نے بھی آزادی کے لیے خون بہایا ۔ بھارت سری نگر کو ہڑپ کر کے مظفر آباد پر نظر رکھے ہوئے ہے ۔ میرا ایمان ہے کہ نئی دہلی کو سری نگر سے بھی بھاگنا پڑے گا۔ اسلامیان پاکستان کشمیری بھائیوں کے پشتی بان ہیں، انہیں کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے ۔جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی میڈیا سیل کے مطابق ان خیالات کااظہار انہوںنے مظفر آباد میں یوم شہدائے کشمیر کے حوالے سے منعقدہ کشمیر بچائو کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ کانفرنس میں بچوں ، خواتین اور بزرگوں کی بڑی تعداد شامل تھی جنہوںنے آزاد کشمیر ، پاکستان اور جماعت اسلامی کے پرچم اٹھائے ہوئے تھے ۔ امیر جماعت نے کوہالہ پل کراس کیا تو زعمائے کشمیر اور کشمیری نوجوانوں نے ان کا استقبال کیا ۔ سراج الحق ریلی کی صورت میں پنڈال پہنچے تو جلسہ گاہ ان کے حق میں نعروں سے گونج اٹھی ۔امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر ڈاکٹر خالد محمود ، سید نذیر حسین شاہ و دیگر قائدین نے بھی شرکا سے خطاب کیا۔سرج الحق نے اپنے خطاب میں کشمیری عوام سے اپیل کی کہ وہ 25 جولائی کو جماعت اسلامی کو ووٹ دے کر روشن مستقبل کی بنیاد رکھیں ۔ انہوںنے کہاکہ کشمیر یوں کا ووٹ شہدائے کشمیر کی امانت ہے ۔ جماعت اسلامی آزاد کشمیر کی قیادت میں شاید ہی کوئی ایسا ہو جس کے بیٹے ، بھانجے ، بھتیجے ، بھائی یا قریبی عزیز نے مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لیے اپنا خون نہ بہایا ہو ۔ پاکستان پر حکمرانی کے مزے لینے والی تینوں بڑی جماعتوں نے کشمیر کی آزادی کے لیے کچھ نہیں کیا ۔ مقبوضہ کشمیر کے لیے ایک ہزار سال لڑنے کا دعویٰ کرنے والے ایک گھنٹہ بھی میدان میں نہیں کھڑے ہو سکے ۔سراج الحق نے شرکائے جلسہ کو بتایا کہ انہوں نے سینیٹ میں کشمیر کے بجٹ کا مسئلہ اٹھایا جس کے نتیجے میں آزاد کشمیر کا بجٹ 11 ارب سے بڑھا کر 24 ارب کر دیا گیا ۔ انہوںنے کہاکہ اسٹیبلشمنٹ کی جانب سے بلائی گئی میٹنگ میں تینوں پارٹیوں نے گلگت بلتستان کو الگ صوبہ بنانے کے حق میں رائے دی ۔ گلگت کو صوبہ بناناکشمیر کاز سے بے وفائی ہے ۔ مقبوضہ کشمیر کی آزادی تک ایسا فیصلہ قبول نہیں۔امیر جماعت نے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو سلام پیش کرتے ہوئے انہیںیقین دلایا کہ پاکستانی قوم اور جماعت اسلامی ان کے ساتھ کھڑی ہے ۔ کشمیری نوجوان آزادی کشمیر کے سرخیل ہیں ۔ مقبوضہ کشمیر پر بھارتی قبضہ مزید برقرار نہیں رہ سکتا۔ انہوںنے کہاکہ ہمیں بزدل حکمرانوں سے جان چھڑانے کی ضرورت ہے جس کا بہترین ذریعہ ایک پرامن جمہوری جدوجہد اور ووٹ کی طا قت ہے ۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی اقتدار میں آ کر آزاد کشمیر اور پاکستان میں قرآن و سنت کا نظام قائم کرے گی اور مقبوضہ کشمیر کو آزاد کرایا جائے گا ۔