اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ آزادکشمیرمیں پی ٹی آئی کی پوزیشن مستحکم ہے پی ٹی آئی واحدجماعت ہے جس نے تمام حلقوں میں امیدوار کھڑے کیے ہیں،بلاول زرداری میدان سے بھا گ گئے ہیں ،بہت جلد مریم نواز بھی راہ فرار اختیار کریں گی ، شہبازشریف پریس کانفرنس میں25ارب روپے کاجواب دے دیتے تواچھاہوتا لیکن شہبازشریف سے سوال پوچھیں توکہتے ہیں میٹروبنائی اورپنجاب کی خدمت کی سندھ اورپنجاب کوجوپیسہ دیاگیاوہ لندن یادبئی سے برآمدہوا،انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان کی زمین افغانستان کے خلاف استعمال نہیں ہورہی، افغانستان میں بدلتی صورتحال پر گہری نظر ہے، کوشش ہے کابل میں ایک پرامن اور سب کی رائے پر مبنی نظام حکومت کے ذریعے آگے بڑھا جائے، اگر ایسا نہ ہوا تو بھی پاکستان کے اندر اس کے اثرات نہیں آنے دیں گے۔ اسلام آباد میں وفاقی وز یر حماد اظہر اور معاون خصوصی شہزاد اکبر کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ آزادکشمیرمیں پی ٹی آئی واحد جماعت ہے جس نے تمام حلقوں میں امیدوار کھڑے کیے ہیں۔پیپلزپارٹی کے صرف 8حلقوں میں امیدوارہیں اس لیے بلاول بھی بھاگ گئے ہیں، مریم نواز پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دوسری طرف مریم نواز مہم چلا رہی ہیں، ان کے پاس بھی کوئی پالیسی نہیں ہے اور انہیں کشمیر کی تاریخ کا علم نہیں ہے۔ مریم نواز وہاں جو پرچار کر رہی ہیں، اس کا نہ کوئی سر ہے اور نہ پیر ہے، اسی لیے پاکستان مسلم لیگ ن نے ابھی سے انتخابات میں دھاندلی کا واویلا مچانا شروع کردیا ہے کیونکہ کشمیر میں ان کی سیاسی پوزیشن تقریباً نہ ہونے کے برابر ہے۔ انہوں نے کہ ہماری افغان پالیسی پاکستان کے مفاد پر ہے، وزیر اعظم کہہ چکے ہیں کہ امن میں حصہ دار ہوں گے لیکن جنگ میں نہیں،پاکستان کی زمین افغانستان کے خلاف استعمال نہیں ہورہی، امید ہے کہ افغانستان کی سرزمین بھی پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہوگی، سیاسی پارلیمانی قیادت عدم مداخلت کے اصول پر متفق ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت پوری دنیا افغانستان کے اندر امن کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہتی ہے، امریکا کے اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ نے اپنے بیان میں پاکستان کی کوششوں کی تعریف کی۔