اسلام آباد (صباح نیوز) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ مریم نواز کے اندر دھرنا دینے کے لیے خواہش تڑپ رہی ہے۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مریم نواز اور بلاول زرداری نے ابھی سے شور مچانا شروع کردیا، یہ دونوں سمجھتے ہیں کہ آزاد کشمیر میں یہ مقبول ہیں، آزاد کشمیر میں آج بھی عمران خان ہی مقبول ہیں اور ان کی حکومت ہوگی، اپوزیشن آزاد کشمیر میں ہارنے جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں رینجرز اور ایف سی کے 7ہزار 200جوان تعینات کیے جائیں گے، اس کے علاوہ پاک فوج بھی ضرورت پڑنے پر تیار ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ سول اداروں کے ساتھ آرمی بھی فری اور فیئر الیکشن کرانے میں کردار ادا کرے گی جبکہ ہم سب کہتے ہیں الیکشن میں فوج نہ ہو لیکن اگر فوج پولنگ اسٹیشن کے باہر کھڑی نہ ہو تو ہارنے والے ایجنٹ ڈبے اٹھا کرلے جائیں گے۔ شیخ رشید نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہشمند ہے تاہم بھارت نے ہمیشہ پاکستان کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی ہے، فیٹف میں بھی بھارت نے پاکستان کے لیے مسائل پیدا کیے، بھارت کے لوگ پکڑے گئے ہیں جو ملک میں انتشار پھیلانا چاہتے تھے تاہم پاک فوج اور اداروں نے بھارت کی سازشوں کو ناکام بنایا۔ انہوں نے کہا کہ جعلی شناختی کارڈ بنانے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی تاہم کراچی میں 40 لاکھ لوگوں کے غلط شناختی کارڈ بننے کی بات غلط ہے، انہوںنے کہا کہ کسی کی ای سی ایل سے نام نکالنے کی درخواست نہیں آئی، مریم نواز اور شہبازشریف کی جانب سے بھی ای سی ایل سے نام نکالنے کی درخواست نہیں آئی جب کہ ٹی ایل پی کے مستقبل کا فیصلہ وفاقی کابینہ کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ کابینہ نے سابق فاٹا میں تھری اور فور جی کی منظوری دے دی ہے۔