خود کو نہ بدلا تو ملک میں خونی انقلاب آسکتا ہے،شہباز شریف

102

لاہور (نمائندہ جسارت) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا ہے کہ فیصلہ کرلیں کس نے عملی خدمت کی اور کون تقریروں سے وقت ضائع کر رہا ہے‘ اگر ہم نے خود کو نہیں بدلا تو خدانخواستہ ملک میں خونی انقلاب آسکتا ہے‘ گزشتہ3 سال سے نیب نیازی گٹھ جوڑ پاور پروجیکٹ کی تحقیقات کرتا رہا لیکن ایک دھیلے کی کرپشن ثابت نہیں ہوئی‘ پشاور میٹرو چلتی کم اور جلتی زیادہ ہے۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان نے لاکھوں لوگوں کو بے روزگار کردیا ہے، کیایہ ہے ، نیا پاکستان جس کے انہوں نے نعرے لگائے تھے‘ ہمارے دور میں لوڈشیڈنگ کا مکمل خاتمہ ہوگیا تھا‘ بدقسمتی سے لوڈشیڈنگ دوبارہ آگئی ہے‘ گزرا ہوا زمانہ آتا نہیں دوبارہ، عمران نیازی نے لوڈشیڈنگ دوبارہ لا کر اس کی نفی کردی ہے۔ اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ نواز شریف ترقیاتی منصوبے لگا کر امر ہوگیا ہے‘ بتائوں گا کہ قوم کو کس طرح بے دردی سے لوٹا گیا‘ ہائیڈل پاور بڑی سستی ہوتی ہے‘ ایک ڈیم انہوں نے نہیں بنایا‘ انہوں نے مہنگے ترین شارٹ ٹرم گیس سمجھوتے کیے‘ سی پیک کے تحت قائم کوئلے کے پلانٹ تھرمل پروجیکٹس میں سستے ترین ہیں۔