آبادی میں اضافہ کو قابو نہ کیا گیا تو بنیادی سہولیات کی فراہمی مشکل ہوگی، اسد عمر

235

اسلام آباد: وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات اسد عمر نے کہا ہے کہ آبادی میں تیزی سے ہونے والے اضافہ کو قابو نہ کیا گیا تو بنیادی سہولیات کی فراہمی مشکل ہوگی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اظہار خیال کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ پاکستان میں ایک بڑا چیلنج آبادی میں تیزی سے اضافہ ہے، ان افراد کو تعلیم، صحت، روزگار کے علاوہ بجلی، گیس سمیت دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی دیگر ترقیاتی کاموں کے ساتھ انتہائی مشکل ہے، ہمارے ترقیاتی عمل پر اس کے اثرات کم کرنے کیلئے ہمیں چاہئے کہ ہم اپنی آبادی میں اضافہ کو کم کریں اور اسے اپنی اولین قومی ترجیحات میں رکھیں۔

اسد عمر نے کہا کہ پاکستان اس وقت اپنے نصف بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کی استعداد رکھتا ہے، اگر پاکستان میں آبادی میں اضافہ بنگلہ دیش کی طرح گرے تو دس سال میں پاکستان اپنے ہر بچے کو پرائمری اسکول تک کی تعلیم اور 15 سال بعد اپنے ہر بچے کو سکینڈری اسکول کی تعلیم دے سکے گا۔