راولپنڈی: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہےکہ افغانستان میں سلجھاہوا طالبان جنم پاچکاہے، اب وہ طالبان نہیں ہیں جو بندوق سے بات کرتےتھے اور جب تک افغانستان میں امن نہیں ہوگا، خطےمیں تجارت ممکن نہیں۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے امریکی اور نیٹو افواج کےانخلا کے بعد افغانستان کی موجودہ صورت حال پر بتایا کہ افغانستان خودمختارملک ہے اس میں کسی قسم کی مداخلت نہیں ہوگی، ہم افغانستان میں امن چاہتے ہیں۔
شیخ رشید نے مزید کہا کہ پاک فوج کے پیچھے پورا پاکستان کھڑا ہے، موجودہ حکومت اور پاک افواج افغانستان میں امن کی راہ ہموار کرینگے، افغان امن کے لئے پہلےبھی دنیاکےساتھ تھے، اب بھی ساتھ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں صرف دو ہی چیزیں قومی ہیں، ایک تحریک انصاف قومی جماعت ہے اور دوسری پاک فوج قومی ہے، ساری اپوزیشن جماعتیں اور قوم فوج کے ساتھ ہیں، قوم ملک کی سلامتی کے لیے فوج اور عمران خان کے پیچھے کھڑی ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ افغانستان میں سلجھاہوا طالبان جنم پاچکاہے، طالبان بدل گئےہیں، اب وہ طالبان نہیں ہیں جو بندوق سے بات کرتےتھے اور جب تک افغانستان میں امن نہیں ہوگا، خطےمیں تجارت ممکن نہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر چین ایران میں 400 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی بات ہورہی ہے، یہ اس وقت تک ممکن نہیں جب تک افغانستان میں امن نہ ہو، اس خطے کی سیاست بدلنے جارہی ہے، افغان جوبھی فیصلہ کریں گےہمیں قبول ہوگا۔
وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید نے گفتگو میں ایک بار پھر واضح کیا کہ پاکستان اب افغانستان کے خلاف کوئی اڈا نہیں دے گا، پاکستان پر کوئی دباؤ نہیں، دنیا کی کوئی سپر پاور ہمیں نظر انداز نہیں کرسکتی، ہمارے بغیر کسی کی دال نہیں گل سکتی، اب افغانستان سے صرف 2 بارڈر چمن اور طور خم کھلے رہیں گے۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ بھارت نے 1979 سے لے کر آج تک افغانستان میں دہشتگردی کو منظم کیا، بھارت کی افغانستان میں جگ ہنسائی ہوئی ہے، بھارت نے ہر جگہ پاکستان کےخلاف صرف پروپیگنڈا کیا،ہم افغانستان میں امن کے لیے دنیا کے ساتھ ہیں۔
دوسری جانب شیخ رشید نے آزاد کشمیر الیکشن پرگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر میں تحریک انصاف کی حکومت بننے جارہی ہے، عمران خان کشمیر کا کیس دنیا میں لڑےگا، اپوزیشن کو تکلیف یہ ہےکہ ہر ڈبے سے بلے کے نشان والے ووٹ زیادہ نکلنے ہیں، جس دن یہاں ہارنے والی پارٹی نے ہار تسلیم کرلی تو جمہوریت قائم ہوجائیگی۔
شیخ رشید نے کہا کہ بلاول دل کاجانی ہے،کشمیرمیں اس کا جانابھی ضروری ہے، مگر مریم نواز جو زبان استعمال کررہی ہیں وہ غیرذمہ دارانہ ہے، مریم نواز کو اپنے لب و لہجےپر غورکرنا چاہیے۔
بلاول بھٹو زرداری کے حالیہ دورہ امریکا پر شیخ رشید نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی سی وی میں کچھ بھی نہیں، پاکستان میں بلاول بھٹو زرداری کی سی وی میرے پاس ہے، ان کی وجہ سے سیاست میں رونق ہے۔