بلدیہ کی نااہلی سے سکھر کے عوام مسائل سے دوچار ہیں، مبین جتوئی

124

سکھر (نمائندہ جسارت) پاکستان تحریک انصاف نادرن سندھ سکھر ریجن کے جنرل سیکرٹری مبین جتوئی نے کہا ہے کہ منتخب نمائندگان اور سکھر میونسپل کارپوریشن کی نااہلی کی وجہ سے سکھر شہر کے عوام مسائل سے دوچار ہیں، دریائے سندھ کے کنارے آباد سکھر شہر میں پینے کے پانی کی شدید قلت کی وجہ سے عوام پریشان ہیں۔ پیپلز پارٹی سندھ میں سفارشی پولیس آفیسر مقرر کرکے امن وامان خراب کررہی ہے۔ سکھر ضلع میں پولیس کی نااہلی کی وجہ سے عوام محفوظ نہیں۔ ڈکیتی ورداتوں کے باوجود سکھر کے ایس ایس پی فوٹو سیشن میں مصروف ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے تحریک انصاف سکھر ضلع کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں پی ٹی آئی ضلع صدر منور چوھان، جنرل سیکرٹری عبدالستار چاچڑ، داوا خان، ماجد ڈنور، کاشف قاضی، ہدایت اللہ بلوچ، تاج محمد برڑو اور دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں سکھر ضلع کی امن امان کی صورتحال اور پی ٹی آئی ضلع سکھر کی تنظیم سازی کے حوالے سے غور کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مبین جتوئی نے کہا کہ ضلع سکھر میں امن امان کی صورتحال انتہائی خراب ہو گئی ہے، پولیس کی نااھلی کی وجہ سے عام آدمی ہو یا بیوپاری غیر محفوظ ہیں،دن دہاڑے ڈکیتی چوری کے واقعات روز کا معمول بن چکے ہیں۔ایس ایس پی سکھر اور سکھر پولیس امن امان کرانے میں مکمل طور ناکام ہو چکے ہیں۔