ٹھٹھہ (نمائندہ جسارت) ایس ایس پی ٹھٹھہ ڈاکٹر محمد عمران خان کے گاڑھو سب ڈویژن کے پولیس اسٹیشنوں اور پولیس پوسٹوں کے طوفانی دورے، تھانوں کے ریکارڈ کی معلومات حاصل کیں، فرائض میں غفلت برتنے پر ہیڈ محرر گھوڑا باری اور کیٹی بندر معطل، ایس ایچ اوز اور ڈیوٹی افسران کو شوکاز نوٹس جاری کردیے گئے۔ ایس ایس پی ٹھٹھہ ڈاکٹر محمد عمران خان نے جرائم پیشہ افراد، منشیات فروشوں کیخلاف پولیس کارروائیوں کو تیز کرنے کے حوالے سے گاڑھو سب ڈویژن کے تھانوں اور پولیس پوسٹوں کا طوفانی دورہ کیا، جس کا مقصد علاقے کے امن و امان کی صورتحال کا جائزہ، تھانوں کے ریکارڈ کا معائنہ کرنا، ڈیوٹی پر موجود جوانوں کو چیک کرنا، ان سے ملاقات کرکے ان کے مسائل حل کرنا، جرائم پیشہ افراد اور منشیات فروشوں کیخلاف پولیس کارروائیوں کو تیز کرنے کے لیے تمام افسران اور جوانوں کو ہدایات جاری کرنا تھا۔ اس دوران تھانوں پر موجود تمام ایس ایچ اوز انچارج پولیس پوسٹوں اور ہیڈ محرر سے ریکارڈ کی معلومات حاصل کی گئیں اور تھانہ و پولیس پوسٹوں کی صفائی ستھرائی کا معائنہ کیا۔