کوئٹہ (آن لائن )بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں شہرت یافتہ سماجی رہنما مرحوم عبدالستار ایدھی کا مجسمہ نصب کردیا گیا۔ زندگی بھر انسانیت کی خدمت کرنے والے سماجی رہنما کا فائبر سے تیار کردہ طویل القامت مجسمہ ہاکی چوک پر ان کی پانچویں برسی کے موقع پر نصب کیا گیا۔عبدالستار ایدھی کا مجسمہ بلوچستان کے آرٹسٹ اسحق لہری نے تیار کیا جو 17 فٹ اونچا
اور 4 فٹ چوڑا ہے۔مجسمے کی تقریب رونمائی میں عبدالستار ایدھی کے بیٹے فیصل ایدھی اور بلوچستان کے وزیر داخلہ ظفر اللہ لانگو سمیت کئی سیاسی و سماجی شخصیات کے ساتھ ساتھ عام افراد نے بھی شرکت کی۔تقریب رونمائی سے خطاب کے دوران ظفر اللہ لانگو نے عبدالستار ایدھی کو ان کی فلاحی خدمات کے عوض خراج تحسین پیش کیا اور ساتھ ہی کہا کہ ایدھی صاحب کا انسانیت کی خدمت کا مشن ہر حال میں جاری رہنا چاہیے۔