سکھر (نمائندہ جسارت) ٹھری میرواہ میں بااثر اوباش نوجوان کی لیڈی ٹیچر کو اغوا کرنے کی کوشش ناکام، پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ،ملزم کو گرفتار کرنے سے گریز ،لیڈی ٹیچر والدین کے ہمراہ فریاد لیے سکھر پریس کلب پہنچ گئی ،خیرپور ضلع کی تحصیل ٹھری میرواہ کے گاؤں ٹنڈو میر علی سے تعلق رکھنے والی پرائیویٹ اسکول کی ٹیچر کنول نورین نے اپنے معمر والدین کے ہمراہ سکھر پریس کلب پہنچ کر پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ میں علاقے کے ایک پرائیویٹ اسکول میں ٹیچرہوں گزشتہ روز علاقے کے بااثر ایک اوباش نوجوان نے اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ گاڑی اور موٹر سائیکلوں پر سوار ہوکر اسکول سے واپسی پر مجھے اغوا کرنے کی کوشش کی تاہم میں نے اور ڈرائیور نے مزاحمت کی جس پر ملزم نے مجھے اور ڈرائیور کو تشدد کا نشانہ بنایا اور فرار ہوگئے۔ واقعے کی رپورٹ ہم نے متعلقہ تھانے پر درج کرادی ہے، تاہم پولیس ملزمان لو گرفتار نہیں کررہی۔ مقدمے کے اندراج کے بعد ملزمان سنگین نتائج بھگتنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں، بااثر ملزم مقصود شر نے پولیس کارروائی سے بچنے کے لیے جعلی نکاح نامہ بنوا کر سوشل میڈیا پر وائرل کردیا، مجھے بلیک میل کیا جارہا ہے۔ لیڈی ٹیچر نے پولیس حکام سے ملزمان کیخلاف کارروائی اور تحفظ و انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔