گندہ وزیر کشمیر میں ووٹ خریدنے کی کوشش کررہا ہے،بلاول زردای

197

میرپور(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے کہا ہے کہ سابق صدر پرویز مشرف کو بھگایا، نواز شریف کا مقابلہ کیا اور اب نااہل کو بھی ویسے بھگائیں گے جیسے سب کو بھگایا ہے۔میر پور آزاد کشمیر میں انتخابی جلسے سے خطاب میں بلاول کا کہنا تھاکہ تحریک انصاف اور ن لیگ کی طرح یوٹرن لینے والے نہیں، مشرف کو بھگایا، نواز شریف کا مقابلہ کیا اور اب نااہل کو بھی ویسے ہی بھگائیں گے جیسے سب کو بھگایا۔ان کا کہنا تھاکہ کشمیر سے متعلق ان کا نعرہ رائے شماری ہے، کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ کشمیری عوام کریں گے یہی پیپلز پارٹی کا فلسفہ ہے۔پی پی چیئرمین نے وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور کا نام لیے بغیر تنقید کی اور کہا کہ عمران ہر دوسرے روز گندہ وزیر لے آتے ہیں، سنا ہے کوئی گندہ وزیر کشمیر پہنچ کر ووٹ خریدنے کی کوشش کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کے عوام نہ نئی دلی کی ڈکٹیشن پر چلیں گے اور نہ بنی گالہ کی ڈکٹیشن پر چلیں گے، کلبھوشن کو این آر او دینا ہے تو عمران خان خود دیں ، پیپلز پارٹی اس میں ملوث نہیں ہوگی۔