لاڑکانہ، بے امنی کیخلاف شہریوں کی مشعل بردار امن ریلی

170

لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) لاڑکانہ ضلع میں بڑھتی ہوئی بے امنی، ڈکیتی، لوٹ مار اور چوریوں کی وارداتوں کیخلاف شہری تنظیم لاڑکانہ مشاورتی کونسل کی جانب سے کل شہر کی سر شاہنواز بھٹو میموریل لائبریری سے مشعل بردار امن ریلی نکالی جائے گی۔ اس حوالے سے امن ریلی کے منتظمین رمضان شیخ، محمد عاشق بوسن، شمس مجید سروہی، سلیم اللہ چاکی و دیگر کا کہنا ہے کہ لاڑکانہ ضلع کے ہر گاؤں اور شہر میں روزانہ کی بنیاد پر ڈکیتی، لوٹ مار اور چوریوں کے باعث عام شہریوں سمیت تاجر برادری عدم تحفظ کا شکار ہیں۔ لاڑکانہ پولیس امن و امان کی صورتحال کو کنٹرول کرنے میں مکمل ناکام ہوچکی ہے۔ امن و امان کی بحالی کے لیے متعدد بار ایس ایس پی لاڑکانہ عمران قریشی سمیت دیگر متعلقہ پولیس افسران سے ملاقاتیں کرچکے جن کی جانب سے تاحال امن امان کو کنٹرول نہیں کیا گیا، جس کے باعث ہم روڈوں پر نکل کر پرامن احتجاج کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ لاڑکانہ ضلع میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بناکر شہریوں سمیت تاجروں کو ریلیف فراہم کیا جائے۔