تعلیمی امتحانات کے معاملے پر  اسد قیصر نے اجلاس طلب کرلیا

90

اسلام آباد(صباح نیوز) حکومت کی طرف سے قومی اسمبلی میں واضح کردیا گیا ہے کہ امتحانات مؤخر نہیں کیے جاسکتے جبکہ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اس معاملے پر آج پارلیمانی اجلاس طلب کرلیا، وڈیو کانفرنس ہوگی، گلگت بلتستان میں موجود وفاقی وزیرتعلیم شفقت محمود سے
ان کے موقف کی آگاہی لی جائے گی۔ اجلاس کے دوران احسن اقبال، خواجہ سعد رفیق، ڈاکٹر درشن کی جانب سے نصاب مکمل کرائے بغیر مختصر نوٹس پر انٹر میڈیٹ امتحانات لینے سے متعلق توجہ دلائو نوٹس پیش کیا گیا۔ پارلیمانی سیکرٹری تعلیم نے کہاکہ امتحانات موخر نہیں کیے جاسکتے پہلے ہی بہت زیادہ تاخیر ہوچکی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ امتحانات کی منسوخی سے طلبہ کا تعلیمی مستقبل دائو پر لگ سکتا ہے۔ احسن اقبال نے کہا کہ طلبہ اور ان کے والدین ذہنی اذیت سے دوچار ہیں تیاری نہیں کروائی گئی، سلیبس بھی مکمل نہیں ہوا اور امتحانات سر پر آگئے۔ دیہی علاقوں میں انٹرنیٹ کی سہولت موجود نہیں،تسلیم کرلیں کہ طلبہ کی امتحانی تیاری نہیںکروائی گئی۔ 6سے 8 ہفتوں کے لیے امتحانات موخر کیے جائیں ۔ اسپیکر اسد قیصر نے رولنگ جاری کی کہ جمعہ کو اس معاملے پر وڈیو کانفرنس ہوگی۔ محرکین آجائیں، شفقت محمود سے گلگت بلتستان میں وڈیو لنک کے ذریعے موقف لیاجائے گا۔