وزیراعظم نے اسلام آباد میں لڑکے اورلڑکی پرتشدد کرنے والے عثمان مرزا کی ویڈیو کا نوٹس لےلیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے آئی جی اسلام آباد پولیس سے رابطہ کرکے واقعے کی تفصیلات طلب کیں۔ وزیراعظم نے آئی جی کو ملزمان کی گرفتاری کے حوالے سے رپورٹ آفس میں بھیجنے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ ایسے ملزمان کسی رعایت کے مستحق نہیں، پولیس واقعے میں ملوث ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لیے اپنی تمام تر توانائیاں اور صلاحیتیں بروئے کار لائے۔
یہ گھٹیا انسان جو عورتوں اور بچوں پر تشدد کرتا ہے اور اس کی وڈیوز بنا کر نشر کرتا ہے۔ اس کی ایک وڈیو سامنے آئی جس میں یہ ایک بچی پر تشدد کر کے اس کی وڈیو بنا رہا تھا۔ وزیراعظم آفس کی ہدائیت پر اسے فوری گرفتار کیا گیا ہے اور اس پر قانون کے مطابق سخت کاروائی ہو گی۔ pic.twitter.com/gMLcKSlQLm
— Dr. Shahbaz GiLL (@SHABAZGIL) July 8, 2021
دوسری جانب معاون خصوصی شہباز گل نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا ہے کہ عورتوں اور بچیوں پر تشدد کرنے اور اس کی ویڈیوز بنانے والے ملزمان کو وزیراعظم آفس کی ہدایت پر فوری گرفتار کیا گیا ہے اور اس پر قانون کے مطابق سخت کارروائی ہو گی۔
واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں عثمان مرزا نامی شخص دیگر ساتھیوں کے ہمراہ نہ صرف لڑکا اور لڑکی پر تشدد کررہے تھے بلکہ ان کی ویڈیوز بھی بناتے رہے۔