اٹک/اسلام آباد (آئی این پی/ آن لائن/ مانیٹرنگ ڈیسک) ضلع اٹک سے تعلق رکھنے والے پاکستان پیپلزپارٹی کے سابق رکن صوبائی اسمبلی اور مقامی رہنما ملک شاہان حاکمین قاتلانہ حملے میں جاں بحق ہوگئے ۔ پولیس حکام کے مطابق ملک شاہان پرگائوں شین باغ میں اس وقت فائرنگ کی گئی جب وہ نماز جنازہ کی ادائیگی کے لیے پہنچے تھے گولی ان کے سر میں لگی۔ اہل خانہ اور دوستوں نے فوری طور پر ملک شاہان کو راولپنڈی کے اسپتال منتقل کیا جہاں پہنچتے ہی وہ دم توڑ گئے۔ پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینزکے صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول زرداری نے سابق رکن پنجاب اسمبلی ملک شاہان شہید کے وحشیانہ قتل کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے وفاقی اور پنجاب حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ شہید ملک شاہان کے قاتلوں کو انصاف کے کٹہرے میں لا کر سخت سزا دلائیں۔