اسلام آباد کی ہر یوسی میں ویکسی نیشن سینٹر کھولنے کا فیصلہ

303

وفاقی دارالحکومت میں ویکسینیشن عمل  کو تیز کرنے کے لیے اسلام آباد کی تمام یو سیز میں ویکسی نیشن سینٹرزکھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق شہر بھر کی یوسیز میں ویکسی نیشن سینٹر بنیادی، دیہی مراکز صحت اور سرکاری اسکولز میں قائم ہوں گے۔ چراہ، کرپا، تمیر، پنڈ بیگوال، بھمبر تراڑ، نور پور شاہاں، سید پور، ملپور، بہارہ کہو میں ویکسی نیشن سینٹرز قائم کیے جائیں گے۔

بنی گالہ، پھلگراں، راول، شہزاد ٹاوَن، سوہان میں ویکسی نیشن سینٹرز قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جب کہ یو سی میرہ سمبل جعفر، گولڑہ شریف، سرائے خربوزہ، جھنگی سیداں، ترنول میں بھی ویکسی نیشن سینٹرز قائم کیے جائیں گے۔

یونین کونسل ویکسی نیشن سینٹر میں 4 رکنی عملہ تعینات کیا جائے گا۔نیشن سینٹرز کیلئےعارضی بنیادوں پر عملہ بھرتی کیا جائے گا اور ہر یو سی ویکسی نیشن سینٹرز کیلئے 92 ویکسن نیٹر ز دو ماہ کیلئے بھرتی ہوں گے۔ عارضی ویکسین نیٹرز کو 45 ہزار روپے ماہانہ وظیفہ دیا جائے گا۔

دوسری جانب وزارت صحت نے ملک میں موجود کورونا وائرس کی مختلف اقسام کی تفصیلات جاری کردیں۔

اعلامیہ کے مطابق ملک میں ڈیلٹا (بھارتی)، بیٹا (جنوبی افریقی) اور الفا (یوکے) کی مختلف اشکال میں کورونا موجود ہے، مئی کے آخر میں اور جون کے پہلے 15 دنوں میں مریضوں کے سیمپل لیے گئے، سیمپل میں تینوں اقسام سامنے آگئیں۔

اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ ڈیٹا مزید این آئی ایچ کی سرویلنس ڈویژن سے شئیر کر دیا گیا، سرویلنس ڈویژن کورنٹائن اور کنٹیکٹ ٹریسنگ کے ذریعے مزید کام کرے گا۔