گوادر پورٹ مکمل فعال ہوچکا ،سی پیک حاسدوں کے نشانے پر ہے،عاصم سلیم باجوہ

134

گوادر(آئی این پی )چیئرمین سی پیک اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل (ر)عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے گوادر پورٹ مکمل فعال ہو چکا ہے، 40کمپنیاں یہاں پر اپنی سرگرمیاں شروع کر چکی ہیں، سی پیک پاکستان کے حاسدوں اور دشمنوں کے پروپیگنڈے کے نشانے پر ہے، سی پیک کے خلاف پروپیگنڈا ناکام بنانیکے لیے حکومت اورادارے مل کر کا م کر رہے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو گوادر میں ترقیاتی منصوبوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔عاصم سلیم باجوہ کا کہنا تھا کہ چین کے ساتھ مل کرسی پیک منصوبوں کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کررہے ہیں،سی پیک منصوبوں پر کام تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے، اس کے ثمرات عام آدمی تک پہنچیں گے،60ایکڑ رقبہ پر فری زون فیز 1مکمل ہو گیاہے، 2200ایکڑ پر فیز 2 منصوبے کے سنگ بنیاد سے اربوں ڈالر کے سرمایہ کاری کا نیا سلسلہ شروع ہو گا۔چیئرمین سی پیک اتھارٹی نے بتایا کہ گوادر میں جدید اسپتال، ائر پورٹ اور ووکیشنل انسٹیٹیوٹ کی تعمیر بھی جاری ہے، جنوبی بلوچستان پیکج سے علاقے میں پانی ،بجلی ، سڑکوں اور روزگار کے مسائل حل ہوں گے۔