سکھر (نمائندہ جسارت) سکھر اور گردونواح میں تیز ہواؤں کے باعث موسم خوشگوار ،بجلی کا نظام متاثر ،اندرون سندھ کے کئی شہر تاریکی میں ڈوب گئے، سکھر اور گردونواح میں اتوار کی شب تیز ہوائیں چلنے کے باعث گزشتہ کئی روز سے جاری گرمی کا زور ٹوٹ گیا، تیز ہواؤں کی وجہ سے سکھر شہر کا موسم خوشگوار ہوگیا اور لوگوں کے گرمی سے مرجھائے چہرے کھل اٹھے۔ تیز ہواؤں کی وجہ سے بجلی کا نظام شدید متاثر ہوکر رہ گیا، اندرون سندھ کے کئی شہروں سکھر، مورو، واہی پاندھی، بھان سعید آباد، گمبٹ، رسول آباد و دیگر شہروں کے 40 سے زائد فیڈرز ٹرپ کرگئے اور وہاں پر بجلی کی فراہمی معطل ہے۔ سیپکو ترجمان نے رابطے پر 40 فیڈرز کے ٹرپ ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ سیپکو کا فیلڈ عملہ جلد سے جلد متاثرہ علاقوں میں بجلی کی فراہمی بحال کرنے کے لیے کوشاں ہے اور سی ای او سیپکو خود اس عمل کی نگرانی کررہے ہیں اور امید ہے کہ جلد متاثرہ علاقوں کی بجلی بحال ہوجائے گی۔ انہوں نے متاثرہ علاقوں کے صارفین سے تعاون کی اپیل بھی کی ہے۔