کرائے کے ترجمان اپوزیشن سے پلان مانگ رہے ہیں‘ مریم اورنگزیب

240

سوا ت (صباح نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کے خوف سے حکومتی ترجمانوں کی ٹانگیں کانپ رہی ہیں۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ فواد چودھری سمیت دیگر بھٹکتی سیاسی روحیں سیاسی مخالفین کے خلاف گھٹیا بیانات دینے پر مجبور ہیں ، جو حکومت تین سال میں اپنا پروگرام نہیں دے سکی اس کے کرائے کے ترجمان اپوزیشن سے پلان مانگ رہے ہیں، ہر دور میں سیاسی ابو بدلنے والے آج کے سیاسی ابو کو بچانے کے لیے جھوٹ کا راگ الاپ رہے ہیں۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ سیاسی ابو کی ساکھ اتنی گر چکی ہے کہ کرائے کے ترجمانوں کے دن رات کے جھوٹ سے بات بن نہیں رہی، پی ڈی ایم کے خوف سے حکومت اور اس کے ترجمانوں کی ٹانگیں کانپ رہی ہیں، آخری سانس لیتی حکومت کی سیاسی موت قریب ہے ، جھوٹے بیانات سے یہ نہیں بچ سکتی، بھٹکتی سیاسی روحیں اپنے مستقبل سے خوف زدہ ہیں، انہیں سمجھ نہیں آرہی کہ کیا کریں اور کہاں جائیں؟۔