سراج الحق کی اپیل پر سندھ بھر میں مہنگائی کیخلاف احتجاج

92

ٹنڈوآدم ، ٹنڈومحمد خان، جھڈو ، شکارپور ، ٹھٹھہ ، کندھکوٹ ، ٹنڈوالٰہیار ، لاڑکانہ ، سکھر (نمائندگان جسارت ) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی اپیل پر مہنگائی، بیروزگاری، لوڈ شیڈنگ، امن و امان کی خراب صورتحال، سودی نظام معیشت ، نادرا ٹنڈوآدم میں عوام کو درپیش مشکلات کے خلاف اعلانیہ ملک گیر یوم احتجاج کی اپیل پر جماعت اسلامی ٹنڈوآدم کے تحت پریس کلب پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، مظاہرے سے جماعت اسلامی سندھ کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری مولانا عبدالقدوس احمدانی ،ضلعی جنرل سیکرٹری عبدالغفور انصاری، مقامی امیر عبدالستار انصاری ،نائب امیر جماعت اسلامی سید عریف اللہ، حاجی نور حسن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں مہنگائی کا طوفان ہے موجودہ حکومت کے تین سال میں بے پناہ مہنگائی ہوئی ہے غریب عوام دو وقت کی روٹی کیلیے پرپشان ہے غریب دشمن بجٹ ہے جس میں اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں کمی کے بجائے گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی کے اعلانات کیے گئے۔ انہوں نے کہا حیسکو کی جانب سے غیر قانونی لوڈ شیڈنگ نے شدید گرمی میں عوام کا جینا محال کردیا ہے بجلی کی قیمتوں میں اضافے سے بھاری رقومات کے بل ارسال کیے جارہے ہیں جبکہ بجلی چوری کی روک تھام کیلیے کوئی موثر حکمت عملی نہیں ہے جبکہ محکمہ سوئی گیس میں بھی صورتحال خراب ہے جمع شدہ بلوں کے بقایا جات لگ کر آرہے ہیں صارفین بل جمع کرانے کے بعد بھی پریشان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہوش کے ناخن لے ۔ ٹنڈو محمد خان جماعت اسلامی کے کارکنوں کا مہنگائی، بے روزگاری اور لوڈ شیڈنگ کیخلاف پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ سے ضلعی امیر لال بخش سولنگی، کریم ناگوری، عامر شیخ، حبیب نظامانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت کی غلط پالیسیوں کے باعث ملک تباہی سے دوچار ہے، مہنگائی اور بے روزگاری نے عوام سے جینے کا حق چھین لیا ہے۔ جماعت اسلامی جھڈو کے تحت مہنگائی بے، روزگاری اور سودی معیشت کیخلاف دفتر جماعت اسلامی کے سامنے احتجاجی مظاہرے سے میرپورخاص کے امیر افضال آرائیں،سید محمد اقبال، راشد آرائیں اور دیگر مقررین نے کہاکہ جب سے موجودہ حکومت برسر اقتدار آئی ہے مہنگائی اور بے روزگاری کا جن بے قابو ہوگیاہے اور عوام کی چیخیں نکل گئی ہیں موجودہ صورت حال برقرار رہی تو ملک سے غربت نہیں بلکہ غریب عوام کا خاتمہ ہوجائے گا۔ جماعت اسلامی شکارپور کی جانب سے قائم مقام امیر سندھ پروفیسر نظام الدین میمن، ودیگر کی قیادت میں ریلی نکالی گئی۔ شرکا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے اندر بڑھتی ہوئی مہنگائی، بے روزگاری کے باعث لوگ خودکشی کرنے پر مجبور ہو چکے ہیں روزگار نہ ہونے سے غریب دو وقت کے کھانے کے لیے پریشان ہے، ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ مہنگائی، بے امنی اور لوڈشینڈنگ کو ختم کیا جائے۔ جماعت اسلامی مکلی کی جانب سے مہنگائی، بیروزگاری، بے امنی، سود خوری سمیت ملک میں اسلامی نظام قائم کرنے کے لیے ایک ریلی مکلی پبلک پارک سے پریس کلب مکلی تک جماعت اسلامی کے معاون کوآرڈینیٹر صوبائی امیر ملک آفتاب ضلع ٹھٹھہ کے امیر الطاف احمد ملاح، ٹھٹھہ شہر کے امیر عبداللہ آدم گندروودیگر کی قیادت میں نکالی گئی۔ کندھکوٹ جماعت اسلامی کی جانب سے مہنگائی، بیروزگاری اور سودی نظام کیخلاف احتجاجی مظاہرے کی قیادت ضلعی رہنماؤں نے کی۔ قائم مقام امیرجان گل خلجی ودیگر نے کہا کہ ملک میں مہنگائی، بیروزگاری نے عوام کا جینامحال کردیا ہے، بیروزگاری کے باعث نوجوان نسل تباہ ہورہی ہے۔