لاڑکانہ ،ایدھی رضا کار ایمبولینس سمیت اغوا ،اہل خانہ پریشان

131

لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) چانڈکا اسپتال سے ضلع خیرپورمیرس میت چھوڑ کر واپس لوٹتے ہوئے ایدھی رضاکار ایمبولینس سمیت مبینہ اغوا۔ اس حوالے سے حاجی سلیم آرائیں انچارج ایدھی سینٹر لاڑکانہ کا کہنا ہے کہ ایدھی رضاکار عمران ماچھی لاڑکانہ سے میت لے کر خیرپور ضلع کے گاؤں ننگریجا گیا تھا، ایدھی رضاکار عمران ماچھی لاڑکانہ واپسی پر نامعلوم افراد نے ایمبولینس سمیت اغوا کیا ہے، ایدھی رضاکار گزشتہ شام میت لے کر گیا رات 1 بجے تک واپس نہ آیا تو پریشانی لاحق ہوئی، کچھ دیر قبل ڈرائیور نے خود فون کر کے اغوا کیے جانے کی اطلاع دی ہے، ایدھی کی جانب سے واقعہ کی اطلاع ایس ایس پی خیر پور اور ڈی آئی جی سکھر کو دے دی ہے۔ سلیم آرائیں نے مطالبہ کیا کہ پولیس ڈرائیور اور ایمبولینس کو فوری بازیاب کروائے۔ دوسری جانب ایس ایس پی خیرپور میرس ظفر اقبال کا کہنا ہے کہ کنب، پیر وسن اور تھڑی میر واہ تھانوں کی پولیس نے کارروائیاں شروع کر دیں ہیں،جلد ہی ایدھی رضاکار کو بازیاب کروا لیا جائے گا، جبکہ میت چھوڑ کر واپس آنے والے مغوی ڈرائیور عمران ماچھی کے اہل خانہ پریشان ہیں جس کی بازیابی کے لیے احتجاج بھی کیا، عمران ماچھی کے بھائی محمد موسیٰ کا کہنا ہے کہ عمران ایدھی سینٹر پر 7 ہزار روپے ماہانہ پر ڈرائیور ہے،اس کے اغوا کے متعلق والدہ کو مکمل نہیں بتایا، سب ہی پریشان ہیں، بھائی کو بازیاب کروایا جائے۔