زرداری کی علالت کے دوران بلاول کا دورہ امریکا باعث حیرت ہے

380

کراچی ( تجزیاتی رپورٹ:محمد انور) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری دس جولائی کو امریکا کے ایک ماہ کے پر ملک سے جارہے ہیں جبکہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اتوار کو امریکا کے لیے روانہ ہو چکے ہیں۔ تاہم آصف علی زرداری کی بہن عذرا پیچوہو جلد ہی امریکا روانگی کی تیاری کر رہی ہیں۔ ملک کی اپوزیشن کی بڑی اور صوبہ سندھ کی حکمراں جماعت کے رہنماؤں کی اچانک امریکا کے دورے پر روانگی کے پروگرام کی ملک کے سیاسی حلقوں میں بازگشت ہے زیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل کا کہنا ہے کہ بلاول اپنے والد کے طرز عمل کی تقلید کرتے ہوئے امریکاسے آئندہ ملک کے اقتدار کی درخواست لے کر واشنگٹن جارہے ہیں۔ تاہم آزاد سیاسی حلقوں کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی کے رہنماؤں خصوصا بلاول زرداری اور مرادعلی شاہ کا عین آصف علی زرداری کی بیماری کے موقع پر امریکا کے دورے پر روانہ ہونا یا جانے کی تیاری کرنا باعث حیرت اور معنی خیز ہے۔ خیال رہے کہ آصف زرداری کی علالت کی اطلاع پر ان کی شادی شدہ بیٹی دبئی سے کراچی پہنچ چکی ہیں اور اپنے والد کی تیمارداری میں مصروف ہیں۔ خیال ہے کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری اور وزیراعلیٰ مرادعلی شاہ کا امریکا کا دورہ کثیرالمقاصد ہے۔ دورے کا ایک مقصد تو یہ ہوسکتا ہے کہ وہ وہاں پہنچ کر آصف زرداری کی علاج کی غرض سے پاکستان سے بیرون ملک منتقل کے لیے کوشش کرنا اور دوسرا یہ کہ پاکستان میں آئندہ پی پی پی کی حکمرانی کے لیے لابنگ کے ساتھ مستقبل قریب میں بلاول زرداری کو وزیراعظم پاکستان بنانے کے لیے امریکی حکام کی حمایت حاصل کرنا ہوسکتا ہے۔ادھر پیپلز پارٹی کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ سب کچھ قیاس آرائیاں ہیں، حقیقت صرف یہ ہے کہ مرادعلی شاہ کے قریبی رشتے دار کسی تنازع کا شکار ہیں اس لیے مرادعلی شاہ امریکا روانہ ہوئے ہیں اور وہ جلد ملک واپس آجائیں گے۔تاہم ذرائع نے بلاول اور عذرا پیچوہو کی امریکا کے پروگرام پر لب کشائی کرنے سے گریز کیا۔