بدترین حکومتی کارکردگی سے لوڈشیڈنگ کا عفریت لوٹ آیا،شہباز شریف

281

لاہور (نمائندہ جسارت)مسلم لیگ (ن) کے صدراورقائد حزب اختلا ف شہبازشریف نے کہا ہے کہ لوڈ شیڈنگ کا عفریت5 برس بعد پھر پاکستان میں لوٹ آیا ہے ،پاکستان کے عوام کو شدید مشکلات اور مصائب کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔گزشتہ روزایک بیان میں انہوں نے کہا کہ نوازشریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) نے لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے لیے 5سال مسلسل محنت کی تھی ، پی ٹی آئی حکومت کی 3 سال کی بدانتظامی اور کرپشن سے ملک میں بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ پھر شروع ہوگئی ہے، یہ پی ٹی آئی حکومت کی بدترین کارکردگی اور نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے ،پی ٹی آئی نے مسلم لیگ (ن) کے خلاف جھوٹ بولا کہ بہت زیادہ پاور پلانٹس لگائے گئے،اتنی شدید لوڈشیڈنگ سے پی ٹی آئی کے یہ دعوے جھوٹ ثابت ہوگئے ہیں،پی ٹی آئی خود سورج، ہوا اور گیس سے چلنے والے پلانٹس کی تنصیب کے دعوے کررہی ہے لہٰذا ضرورت سے زاید بجلی بنانے کے الزامات جھوٹ ثابت ہوجاتے ہیں ،پی ٹی آئی کے مسلم لیگ (ن) پر مہنگے پلانٹ لگانے کے دعوے بھی جھوٹ اور بے بنیادثابت ہوئے ،3سال اس جھوٹ کی بنیاد پر مسلم لیگ (ن) کا میڈیا ٹرائل کیاگیا ، اپوزیشن قائدین کو نیب اور ایف آئی اے کے ذریعے سیاسی انتقام کا نشانہ بنایاگیا ، پی ٹی آئی کسی ایک پاور پلانٹ کے بارے میں یہ ثابت نہیں کرسکی کہ وہ مہنگا لگا ہے ۔ علاوہ ازیں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے 7 جولائی کو اپوزیشن جماعتوں کے پارلیمانی لیڈرز کا اجلاس بلانے کا فیصلہ کیاہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اپوزیشن قیادت انتخابی اصلاحات کے معاملے پر مشترکہ لائحہ عمل اپنائے گی۔اپوزیشن انتخابی اصلاحات پر سفارشات تیار کرے گی۔ اپوزیشن پہلے ہی حکومت کی طرف سے انتخابی اصلاحات کا مسودہ مسترد کرچکی ہے۔اپوزیشن وزیراعظم عمران خان کی طرف سے انتخابی اصلاحات پر مذاکرات کی دعوت قبول کرنے کے بارے میں بھی فیصلہ کرے گی ۔