سکھر، عیدالاضحی اور مون سون کے دوران صفائی پلان مرتب

260

سکھر (نمائندہ جسارت) ایڈمنسٹریٹر سکھر میونسپل کارپوریشن علی رضا انصاری کی جانب سے مون سون اور عیدالاضحی کے موقع پر صفائی ستھرائی کے خصوصی انتظامات کرنے کے احکامات جاری کردیے گئے۔ اس حوالے سے میونسپل کمشنر محمد علی شیخ نے اپنے دفتر میں ڈائریکٹر مشتاق جمانی اور سینیٹری انسپکٹرز سے اہم میٹنگ کی جس میں عیدالاضحی اور مون سون سیزن کے دوران صفائی پلان کو حتمی شکل دی گئی۔ میونسپل کمشنر محمد علی شیخ نے ہدایت جاری کی کہ عیدالاضحی کے موقع پر صفائی کے خصوصی انتظامات کیے جائیں جبکہ مون سون سیزن پر بھی توجہ دی جائیں، کسی بھی ایمرجنسی کے دوران فوری کارروائی عمل میں لانا ہوگی۔ عملے کی ڈیوٹیز کو شفٹس میں تقسیم کردیا جائے تاکہ رات کے اوقات میں بھی صفائی کا عمل جاری رہ سکے۔ میونسپل کمشنر محمد علی شیخ کی جانب سے شہریوں کی سہولت کے لیے دو شکایتی سینٹر کیمپ روڈ اور ڈی سی او ڈرینج نزد شکارپور پھاٹک پر قائم کردیے، شہری 071-111-757-777 نمبر پر بذریعہ فون کال بھی اپنی شکایات درج کراسکتے ہیں۔ میٹنگ میں آفس سپرنٹنڈنٹ ہیلتھ حبیب اللہ شیخ، غلام محمد مہر، چیف سینیٹری انسپکٹر خالد غوری، منیر شیخ سمیت تمام یوسیز کے انسپکٹرز اور متعلقہ عملے نے شرکت کی۔ علاوہ ازیں ایڈمنسٹریٹر علی رضا انصاری اور میونسپل کمشنر محمد علی شیخ کی ہدایت پر عملدرآمد کرتے ہوئے شہر میں صفائی آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔ عملہ صفائی دن و رات کے اوقات میں الگ الگ شفٹس کے دوران شہر کی صفائی میں مصروف عمل ہے۔