اپوزیشن لیڈر غیرموجودگی پر بلاول کا بیان بچکانہ ہے، احسن اقبال

157

اسلام آباد(آن لائن) مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما احسن اقبال نے بجٹ اجلاس میں اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف کی عدم موجودگی سے متعلق چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے بیان کو بچکانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ شہبازشریف اپنے بہنوئی کے انتقال کی وجہ سے اجلاس میں شریک نہیں ہوئے۔ بدھ کو یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کا بیان ان کی عمر کے حساب سے تو ٹھیک ہے، مگر ایک پارٹی کے سربراہ کے حساب سے ٹھیک نہیں۔ اپوزیشن کا کام ہوتا ہے کہ حکومتی بجٹ کے نقائص کی نشاندہی کرے۔مہنگائی میں سب سے اہم کردار پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھنے کا ہوتا ہے۔ اپوزیشن کی نشاندہی پر ساڑھے 3 سو ارب کے ٹیکس واپس لیے گئے، یہ بازی گر قوم کو مزید دھوکا دیں گے۔ اس حکومت نے سب اداروں کے ساتھ ہائیر ایجوکیشن کمیشن کو بھی تباہ کر دیا ہے۔ ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے سربراہ کو اس لیے ہٹایا گیا کہ وہ حکومت کی کرپشن کو روک رہے تھے۔