نیویارک (انٹرنیشنل ڈیسک) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیریس نے امریکا سے ایران پر عائد کردہ پابندیاں ہٹانے کا مطالبہ کر دیا۔ غیر خبر رساں اداروں کے مطابق گوتیریس نے کہا کہ اقوام متحدہ کی 15 رکنی کونسل 2015 ء کے معاہدے پر عمل سے متعلق آیندہ ہفتے غور کرے گی۔ ایران نے معاہدے کے تحت جوہری ہتھیاروں کے حصول کا پروگرام ترک کر دیا ہے، لہٰذا جوبائیڈن انتظامیہ ایران پر عائد معاشی پابندیاں ختم کرے۔ دوسری جانب اسرائیل نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا کئی شعبوں میں ایران پر عائد پابندیاں ہٹانے پر تیار ہے۔ صہیونی حکام نے ایران کے سابق صدر حسن روحانی کے چیف آف اسٹاف محمود وائزی کے حوالے سے بتا یا کہ واشنگٹن تیل، جہاز رانی اور انشورنس سیکٹرز سمیت دیگرعائد کردہ پابندیاں اٹھانے پر رضامند ہے۔ ویانا میں ہونے والے مذاکرات کا حصہ رہنے والے محمود وائزی نے کہا کہ امریکا نے ایران کے کئی اہم افراد پر عائد کردہ پابندیاں بھی ہٹانے پہ آمادگی کا اظہار کیا ہے۔ادھر امریکی صدر جوبائیڈن نے کانگریس کو بتایا کہ ایران سے درپیش خطرات کو روکنے کے لیے تہران کے حمایت یافتہ عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں پر فضائی بمباری کا حکم دیا گیا تھا۔