اسلام آباد اور ملتان میں فائزر ویکسین کی قلت پر احتجاج، سڑکیں بلاک

355

اسلام آباد اور ملتان میں فائزر ویکسین کی قلت پر اوورسیز پاکستانیوں نے احتجاج کرتے ہوئے روڈ بلاک کر دیے۔

وفاقی دارالحکومت کے سب سے بڑے ویکسینیشن سینٹر میں آج بھی فائزر ویکسین لگوانے والوں کا رش رہا، ایف نائن پارک میں صبح سویرے سے ہی ویکسین لگوانے کے لیے بڑی تعداد میں شہری پہنچے لیکن ویکسین کی قلت پر آج بھی انہیں دربدر کی ٹھوکریں کھانی پڑیں۔

فائزرویکسین کی قلت پر شہریوں نے احتجاج کرتے ہوئے ایف نائن پارک کے باہر روڈ بلاک کردی اور انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کی۔ شہریوں نے کہا کہ ویزے ختم ہونے والے ہیں واپس بیرون ملک  جانا ہے ویکسین نہیں لگائی جارہی۔

ویکسی نیشن سینٹرانتظامیہ کا کہنا ہے کہ فائزر کی ڈوزز کم ہیں رش زیادہ ہے یہاں فائزر اور ایسٹرازینکا کے لیے رش زیادہ ہے جس کی وجہ سے مشکلات پیش آرہی ہیں۔

دوسری جانب  ملتان میں کورونا ویکسین  ایسٹرازینکا کی قلت پر اوورسیز پاکستانیوں نے نشتر روڈ پر احتجاج کرتے ہوئے نشتراسپتال کی طرف جانے والے راستے بند کر دیے۔

احتجاج کے باعث ٹریفک جام ہو گیا، مظاہرین نے کہا کہ  2 دن سے کسی بھی سینٹر میں ایسٹرا زینکا  ویکسین نہیں لگائی جا رہی۔نشتر اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کل صبح ویکسین پہنچائی جائیں گی اوردوبارہ لگوانے کا عمل شروع ہوگا۔