مشکوک ٹرانزایکشن ریفرنس ،زرداری کے شریک ملزم کونوٹس

169

اسلام آباد (صباح نیوز)اسلام آباد کی احتساب عدالت نے مشکوک ٹرانزایکشن کے ریفرنس میں سابق صدر آصف علی زرداری کے شریک ملزم مشتاق احمد کے نوٹس جاری کر دیئے ۔منگل کو آصف علی زرداری جعلی بینک اکائونٹس میں سے 8ارب روپے کی مشکوک ٹرانزایکشن کے ریفرنس میں اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت کے جج سید اصغر علی نے حاضری لگانے کے بعد زرداری کو واپس جانے کی اجازت دے دی۔ عدالت میں پیشی کے موقع پر زرداری کے ساتھ ان کی چھوٹی صاحبزادی آصفہ بھٹو زرداری بھی موجود تھیں۔ کیس میں 2 ملزمان کو نامزد کیا گیا جن میں ایک آصف زرداری جبکہ دوسرے ان کے اسٹینو گرافر مشتاق احمد ہیں۔ دوران سماعت نیب نے مشتاق احمد کے حوالے سے رپورٹ جمع کروائی کہ وہ 2015میںبیرون ملک گئے اور اس کے بعد ان کی واپسی کی کوئی اطلاع نہیں لہٰذا وہ بیرون ملک فرار ہو چکے ہیں اور عدالت ان کے وارنٹ جاری کر دے۔ عدالت نے آصف علی زرداری کو ریفرنس کی مکمل نقول فراہم کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔ عدالت نے زرداری کے شریک ملزم مشتاق احمد کو دوبارہ نوٹس جاری کر تے ہوئے کیس کی سماعت 27 جولائی تک ملتوی کر دی۔