بجٹ پاس کرانے میں اپوزیشن جماعتوں نے حکومت کی معاونت کی، سراج الحق

454

لاہور: امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا  ہے کہ بجٹ پاس کرانے میں بڑی اپوزیشن جماعتوں نے حکومت کی بھرپور معاونت کی، ثابت ہوگیا کہ تینوں آئی ایم ایف اور ایف اے ٹی ایف کی تابع داری میں ایک ہیں۔

منصورہ میں سید موددوی انسٹیٹیوٹ کے طلبہ سے سراج الحق نے خطاب  کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی ، نون لیگ اور پی پی یک جان تین قالب ہیں، ساری لڑائی اسٹیبلشمنٹ سے دودھ کا فیڈر حاصل کرنے پر ہو رہی ہے ۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے عام آدمی کو لوٹا اور مافیاز کو نوازا، ملک کی معیشت اور نظریہ خطرات کی زد میں ہے، معاشرے میں امیر اور غریب کا خلا خطرناک حد تک پہنچ چکا ہے۔

سراج الحق نے مزید کہا کہ اسمبلیوں میں بیٹھا اشرافیہ اپنے مفادات کی جنگ لڑرہاہے، عوام کا کوئی پرسان حال نہیں، کوئی ایسا نصاب قبول نہیں کریں گے جو دو قومی نظریہ سے متصادم ہو۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ  نوجوانوں کو دینی اور عصری تعلیم سے روشناس کرانا ضروری ہے، مدارس ریفارمز کی آڑ میں انہیں ختم کرنے کی سازش کا مقابلہ کریں گے،مسلمانوں کو ان کے دین سے دود کرنے کی مغربی سازشیں کبھی کامیاب نہیں ہوں گی۔ امت متحد ہوکر مسائل کا مقابلہ کرے، نوجوان دین کے پیغام کو عام کریں۔