اسلام آباد: ویکسی نیشن سینٹر پر ہنگامہ آرائی‘ سیکورٹی اہلکار زخمی

351

اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر) اسلام آباد کے ایف نائن پارک میں قائم ویکسی نیشن سینٹر میں شدید بدنظمی کی صورتحال دیکھنے میں آئی اور مرکزی درواز توڑ دیاگیا۔ا س دوران 2 سیکورٹی اہلکار زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق ایف نائن پارک میں قائم ماس ویکسی نیشن سینٹر میں بیرون ممالک جانے والے افراد کی بڑی تعداد پہنچ گئی اور ویکسین نہ ملنے کی وجہ سے انہوں نے احتجاج
کرتے ہوئے سینٹر کا مرکزی دروازہ توڑ دیا اور اندر داخل ہوگئے۔ دروازے کا شیشہ ٹوٹنے سے 2 سیکورٹی اہلکار زخمی ہوگئے جس کے بعد ایف نائن پارک کا مرکزی داخلی راستہ بند کر دیا گیا۔ بدنظمی کی وجہ سے سینٹر میں ویکیسن لگانے کا عمل کچھ دیر کے لیے روکنا پڑا۔ ڈی ایچ او ضعیم ضیا نے بتایا کہ ویکسی نیشن سینٹر میں ایسٹرا زینکا اور فائزر لگائی جا رہی ہے، بیرون ملک جانے والوں کو ویکیسن لگانے کا عمل جاری تھا اور دوسرے شہروں سے آنے والوں کے باعث رش اچانک بڑھ گیا۔ ایس او پیز کے تحت سب کو ایک ساتھ اندر نہیں آنے دیا جا سکتا تھا، لہٰذا ویکسین لگوانے والے مرکزی دروازہ توڑ کر اندر داخل ہو گئے۔