لاہو ر (نمائندہ جسارت) ن لیگی سربراہ و سابق وزیر اعظم نوازشریف نے پارٹی صدر کو ہدایت کی ہے کہ کشمیر الیکشن میں شہباز شریف اور مریم نواز دونوں ملکر انتخابی مہم میں حصہ لیں اور مختلف مقامات پر الگ الگ جلسوں سے خطاب کریں۔ذرائع نے بتایا کہ نواز شریف اور شہباز شریف کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے جس میں آزادکشمیر کے آئندہ عام انتخابات کے حوالے سے مشاورت کی گئی، نواز شریف نے شہباز شریف کو کشمیر الیکشن پر فوکس کرنے کی ہدایت کردی ۔دونوں رہنماؤں نے کشمیر الیکشن کی مہم مریم نواز کو سونپنے پر بھی اتفاق کیا ہے۔نوازشریف نے کہا کہ حکومت کے خلاف اپوزیشن اتحاد کو بھی مضبوط کیا جائے اور عوامی اجتماعات میں حکومت کی کشمیر پالیسی اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کو ہدف تنقید بنائیں اور عوام کو بتایا جائے کہ حکومت نے بجٹ سے پیٹرول سمیت دیگر بنیادی ضروریات کی چیزوں کی قیمتوں میں اضافہ کر کے عوام دشمنی کا ثبوت دیا۔