عمران خان کشمیر کا سفیر بنتے بنتے کل بھوشن کے وکیل بن گئے ،بلاول

132

ہجیرہ،تتہ پانی (آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے کہا کہ عمران خان کشمیر کا سفیر بنتے بنتے اب کلبھوشن یادیو کے وکیل بن چکے ہیں،کشمیر کے فیصلے کشمیری عوام نہیں بلکہ کٹھ پتلی کررہے ہیں، کٹھ پتلی وزیراعظم کی ڈکٹیشن پر نہیں چلیں گے، آزادکشمیر کے عوام25جولائی کو تیر پر ٹھپے لگاکر پی پی پی کے اُمیدواروں کو کامیاب کرائیں، مہنگائی کے سونامی کو بھگائیں ، عوام ہمارے ساتھ ہیں کوئی طاقت پیپلز پارٹی کا راستہ نہیں روک سکتی، آزادکشمیر کاآئندہ کاوزیر اعظم جیالا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتے کو آزادکشمیر انتخابات کی مہم کے سلسلے میں تتہ پانی اور ہجیرہ کے مقام پر جلسوں سے خطاب کے دوران کیا۔ بلاول زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور کشمیریوں کا رشتہ 3 نسلوں کا ہے، آپ نے ذوالفقارعلی بھٹو اور بے نظیر بھٹو کا ساتھ دیا اور انہوں نے آپ کا ساتھ دیا، پیپلزپارٹی نے آزاد کشمیر میں جمہوریت اور پارلیمانی نظام کی بنیاد رکھی، آزاد کشمیر کے عوام عمران خان کی مہنگائی اور بیروزگاری کا مقابلہ کررہے ہیں۔ بلاول زرداری نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں حملہ ہوتا ہے تو عمران خان کہتا ہے میں کیا کروں، مقبوضہ کشمیرمیں مودی حکومت ظلم کررہی ہے۔ کٹھ پتلی نے کشمیر ہائی وے کا نام سری نگر ہائی وے رکھ دیا، یہ ان کا جواب ہے۔ کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار جمعہ والے دن بھی صرف ایک ہفتہ کیا، اس کٹھ پتلی نے کشمیر کا سودا کر لیا ہے، کشمیر کے فیصلے کشمیری عوام نہیں بلکہ کٹھ پتلی کررہے ہیں، کٹھ پتلی وزیراعظم کی ڈکٹیشن پر نہیں چلیں گے، کشمیر کا سفیر بنتے بنتے عمران خان اب کلبھوشن یادیو کا وکیل بن چکا ہے، کلبھوشن یادیو کو این آر او دینے کے لیے آرڈیننس لایا گیا، کلبھوشن نے آرڈیننس کا فائدہ نہیں لیا تو پارلیمان میں آگئے، عمران خان نے صرف کلبھوشن کو این آر او دیا ، اگر عمران خان نے کلبھوشن کو این آر او دینا ہے تو ہم اس کا ساتھ نہیں دیں گے۔چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا ہے کہ ہمارا نعرہ رائے شماری کا ہے، کشمیر سے متعلق فیصلے صرف کشمیری عوام کریں گے، کشمیر کے عوام پاکستان پیپلز پارٹی کا وزیر اعظم منتخب کریں گے۔