سبی میں ایف سی کی گاڑی پر دہشت گردوں کا حملہ ،5 اہلکار شہید

177

کوئٹہ /اسلام آباد/ راولپنڈی (نمائندہ جسارت /اے پی پی)دہشت گردوں نے بلوچستان کے ضلع سبی کے علاقے سنگن میں ایف سی کی پیٹرولنگ پارٹی پرحملہ کیا، فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران دہشت گردوں کو بھاری مالی و جانی نقصان پہنچایا گیا، اس دوران ایف سی بلوچستان کے 5اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ )آئی ایس پی آر(کے مطابق شہید ہونے والوں میں حوالدار ظفر علی خان ساکن لکی مروت، لانس نائیک ہدایت اللہ ساکن لکی مروت، لانس نائیک ناصر عباس ساکن بھکر، لانس نائیک بشیر احمد ساکن نصیر آباد اور سپاہی نور اللہ ساکن لکی مروت شامل ہیں۔ دہشت گردوں کی تلاش کے لیے کارروائی جاری ہے اور انہیں پکڑنے کے لیے تمام فرار کے تمام راستوں کو بند کر دیا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ دہشت گردوں کی ایسی بزدلانہ کارروائیوں سے جنہیں دشمن کی انٹیلی جنس ایجنسیوں کی حمایت حاصل ہے،کے ذریعے بلوچستان میں امن اور خوشحالی کو سبوتاژ نہیں کیا جاسکتا۔ سیکورٹی فورسز دہشت گردوں کے ان ناپاک عزائم کو اپنے خون اور جانوں کی قربانی دے کر ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔دوسری جانب صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سبی، بلوچستان میں ایف سی کی پیٹرولنگ پارٹی پر دہشت گرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ ہے۔ صدر مملکت نے شہدا کے درجات کی بلندی اور اہلِ خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی جبکہ شہید ہونے والے 5ایف سی اہلکاروں کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی اور کہا کہ دہشت گرد بزدلانہ کارروائیوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں کرسکتے۔ ریاست پوری طاقت سے دہشت گردوں کا مقابلہ کرے گی۔