سکھر،بجلی کی لوڈشیڈنگ نے شہریوں کو ذہنی مریض بنادیا ،زندگی مفلوج

142

سکھر (نمائندہ جسارت) بجلی کی لوڈشیڈنگ نے شہریوں کو ذہنی مریض بنا دیا، کنڈا سسٹم سے چوری کی جانے والی بجلی کا لائن لاسز پورا کرنے کے لیے فالٹ کا بہانہ بناکر طویل لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے، کاروبار زندگی مفلوج، گھروں میں خواتین، بچے، ضعیف العمر افراد بے حال، شکایات کے باوجود نااہل سیپکو انتظامیہ تدارک کرنے سے کرنے سے گریزاں، اعلیٰ حکام سے نوٹس لیکر بجلی فراہم کرنے کا مطالبہ۔ روہڑی شہر گردنواح میں سیپکو انتظامیہ روہڑی کی جانب سے شہر کے اہم کاروباری علاقوں شاہی بازار، مسان روڈ، اسٹیشن روڈ ودیگر علاقوں میں گزشتہ شب سے بجلی کا طویل بریک ڈائون کا سلسلہ جاری، جس کے باعث شہر کے مختلف علاقے اندھیرے میں ڈوب گئے، گھروں میں خواتین، بچے، مرد، ضعیف العمر افراد گرمی سے بے حال جبکہ شہر میں بجلی سے چلنے والے کاروبار مکمل طور پر مفلوج ہوکر رہ گئے، درزی و دیگر دکانوں پر آنے والے مزدور بغیر دہاڑی لگائے واپس لوٹ گئے جبکہ سرکاری و نجی اسکولوں میں طلبہ و طالبات بھی گرمی کے باعث پسینے سے شرا بور ہوکر پریشان ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق روہڑی شہر و گردونواح میں دریا بندر، ڈلھو علیواہن، رجب دایو، لوکوشیڈ نیویارڈ، بیدل بیکس کالونی، بیڑی چوک، کندھرا ناکہ سمیت دیگر علاقوں میں پرائیویٹ ایجنٹ مقرر ہیں، جو بجلی چوری کی منتھلی جمع کر کے سیپکو میں موجود کالی بھیڑوں تک پہنچاتے ہیں۔ چوری سے ہونے والے لائن لاسز کو پورا کرنے کے لیے فالٹ کا بہانہ بنا کر طویل لوڈشیڈنگ کی جاتی ہے، جس کا خمیازہ سب کو بھگتنا پڑتا ہے۔ انجمن تاجران جنرل مرچنٹ ایسوسی ایشن روہڑی کے صدر میر زاہد سولنگی، غلام سرور شہر، نسیم پٹھان، لعل چند و ویگر نے سیپکو چیف ودیگر حکام سے مطالبہ کیا کہ روہڑی میں بجلی کے نظام کو درست کرکے بجلی فراہم کی جائے۔