لاہور (نمائندہ جسارت) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز بھی گزشتہ روز ایف آئی اے کی 5رکنی تحقیقاتی ٹیم کے روبر پیش ہوگئے،ایف آئی اے حکام نے 40 منٹ تک پوچھ گچھ کی۔ ایف آئی اے نے حمزہ شہباز کو منی لانڈرنگ کیس اور شوگر اسکینڈل میں ریکارڈ سمیت طلب کر رکھا تھا ۔حمزہ شہباز ایف آئی اے کی تحقیقاتی ٹیم کے روبرو اپنے اوپر عاید الزامات سے متعلق ریکارڈ سمیت اپنے وکلاکے ساتھ پیش ہوئے۔ حمزہ شہباز کی ایف آئی اے پیشی کے موقع پر ان سے اظہار یکجہتی کے لیے ن لیگ کے کارکنوں کی بڑی تعداد پارٹی پرچم اٹھائے ایف آئی اے کے دفتر کے باہر موجود رہی جو نعرے بازی کرتی رہی۔ دوسری جانب اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف نے اپنی درخواست ضمانت قبل از وقت گرفتاری کی منظوری کے بعد اپنے ضمانتی مچلکے ایڈیشنل سیشن جج سید علی عباس کی عدالت میں جمع کروا دیے ہیں۔ مچلکوں کی تصدیق کے لیے شہباز شریف گزشتہ روز متعلقہ عدالت میں پیش ہوئے جہاں انہوں نے ضمانتی مچلکوں پر اپنے انگوٹھے لگائے۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ شہباز شریف کے ضمانتی مچلکے مناواں کے مقامی یونین کونسل کے وائس چیئرمین علیم مجید اعوان نے جمع کروائے ہیں۔