عدالت عظمیٰ غیر قانونی بلڈنگ کے بجائے سندھ حکومت گرائے، مصطفی کمال

223

کراچی(نمائندہ جسارت)پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی) کے چیئرمین مصطفی کمال نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ غیر قانونی بلڈنگ گرانے کے بجائے سندھ حکومت کو گرائے۔کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصطفی کمال کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے کہا کہ سندھ حکومت بدترین حکومت ہے اور سندھ حکومت کو باہر سے چلایا جارہا ہے۔ انہوں نے سندھ حکومت کو برائی کی فیکٹری قرار دیتے ہوئے کہا کہ 13 سال سے صوبے کی حکمرانی کرنے والوں نے لسانیت کی انتہا کر رکھی ہے ، وفاق نے بھی مایوسی کے سوا کراچی کو کچھ نہیں دیا۔چیئرمین پی ایس پی کا کہنا تھا کہ کراچی کے نسلہ ٹاور گرانے کا حکم دیا گیا ہے، بلڈر کو سزا نہیں مل رہی، اصل مجرم کو کوئی نقصان نہیں ہورہا،آج بھی نئی بلڈنگ کے نقشے پاس ہو رہے ہیں، نسلہ ٹاور بنانے والے سرکاری افسران اور بلڈرز کو سزا ملنی چاہیے،جن کے گھر توڑے جارہے ہیں ان کی مالی مدد ہونی چاہیے۔مصطفی کمال نے کہا ہے کہ سندھ میں پی ٹی آئی حکومت کے دوان زیادہ کرپشن ہوئی، بلدیاتی نمائندوں اور بلدیاتی اداروں کو آئینی تحفظ فراہم کیا جائے۔پی ایس پی سربراہ مصطفیٰ کمال نے مطالبہ کیا ہے کہ میئر اور مقامی حکومتوں کے تحت کام کرنے والے اداروں کو آئین میں شامل کیا جائے۔