اولمپکس ڈے کے موقع پر ملک بھر میں ہاکی میچز کا انعقاد

183

لاہور (نمایندہ خصوصی/ سید وزیر علی قادری) پاکستان ہاکی فیڈریشن کی ہدایات پر تمام ملحقہ یونٹس میں اولمپکس ڈے کی مناسبت سے پروقار تقاریب اور نمائشی ہاکی میچز کا انعقاد کرایا گیا۔ ان میچز کا انعقاد صوبائی ریجنل اور صوبائی سطح پر کیا گیا۔ جس میں نامور ہاکی اولمپینز اور انٹرنیشنل کھلاڑیوں نے شرکت کی۔ صوبائی سطح پر کے پی کے ہاکی ایسوسی ایشن ،سندھ ہاکی ایسوسی ایشن، بلوچستان ہاکی ایسوسی ایشن اور پنجاب ہاکی ایسوسی ایشن کے زیراہتمام پشاور لاہور، سکھر، کوئیٹہ، خیر پور میں نمائشی ہاکی میچز کا انعقاد کرایا گیا جبکہ ریجنل اور صوبائی سطح پر کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کی جانب سے کے ایچ اے سپورٹس کمپلکس کراچی میں کمسن بچوں ، نوجوان کھلاڑیوں اور وومن ہاکی ٹیموں کے میچز منعقد کرائے گئے۔ضلعی سطح پر صوبہ پنجاب میں وہاڑی بہارلنگر، ،صادق آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، گوجرہ، فیصل آباد سمیت دیگر اضلاع میں اولمپکس ڈے کی مناسبت سے نمائشی میچز اور تقریبات منعقد ہوئیں۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کی ہدایات پر ملحقہ ڈیپارٹمنٹس میں بھی اولمپکس ڈے کے حوالہ سے نمائشی ہاکی میچز کا انعقاد کرایا گیا۔