ایرانی فورسز نے مزید 154پاکستانیوں کو حوالے کر دیا

175

تفتان(آن لائن )ایرانی سیکورٹی فورسز کی کارروائی، مزید 154پاکستانی شہریوں کو ایران کے مختلف شہروں سے گرفتار کر کے پاک ایران کے سرحدی شہر تفتان میں راہداری گیٹ کے مقام پر لیویز انتظامیہ کے حوالے کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ایرانی سیکورٹی فورسز نے 154پاکستانی جو کہ بغیر قانونی دستاویزات کے ایران میں موجود تھے گرفتار کر لیا، گرفتار پاکستانیوں میں پنجاب کے 120 ، خیبر پختونخواکے 17، سندھ کاایک اور آزاد کشمیر کے16افراد شامل تھے۔اس کے علاوہ 58بندے جن کے پاس قومی شناختی کارڈ نہیں تھے انہیں راہداری گیٹ کے انچارج میر الٰہی بخش نوتیزئی نے واپس ایرانی سیکورٹی فورسز کے حوالے کر دیا۔گرفتار پاکستانیوں کو راہداری گیٹ کے مقام پر محکمہ صحت کے پیرامیڈیکس اسٹاف کی جانب سے ان کی اسکریننگ بھی کی گئی اور ان کے کورونا ٹیسٹ بھی کیے جائیں گے۔ ابتدائی تفتیش کے بعد لیویز انتظامیہ کے مطابق یہ گرفتار پاکستانی بہتر روزگار کے لیے ایران سے یورپ جانا چاہتے تھے ،گرفتار پاکستانیوں کو ایف آئی اے کے حوالے کر دیا گیا۔