شام میں ایران کی زیرنگرانی راکٹ لانچرکی تیاری

178

دمشق (انٹرنیشنل ڈیسک) شامی مبصر برائے انسانی حقوق نے انکشاف کیا ہے کہ شام میں فرات کا مغربی علاقہ ایرانی کالونی کی شکل اختیار کرگیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ایرانی پاسداران انقلاب اور عراق کی الحشد ملیشیا وہاں راکٹ لانچر تیار کرکے تجربات کررہی ہے۔ مئی کے آخراور جون کے ابتدائی دنوں میں ایرانی ماہرین کی نگرانی میں اس علاقے میں مقامی طور پر راکٹ لانچروں کی تیاری کا عمل شروع کیا گیاتھا۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق ایرانی ملیشیاؤں نے میادین اور البوکمال کے صحراؤں میں راکٹ لانچر نصب کیے اور تجربات کے لیے صحرا کے اندر کئی بار میزائل داغے گئے۔ شامی مبصر برائے انسانی حقوق کے مطابق 4جون کو فرات کے مغربی علاقے میں ایرانی عسکری قوت کے جمع ہونے سے متعلق مصدقہ معلومات حاصل ہوئیں۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ راکٹ لانچر کی تیاری کاپروگرام مزارع کے علاقے میں واقع رحبہ فوجی مرکز میں جاری ہے۔ایرانی پاسدارن انقلاب اور عراقی الحشد ملیشیا دونوں انفرادی طور پر راکٹ لانچر تیار کررہے ہیں، تاکہ ایران کے ذریعے تیار کردہ میزائلوں کو لانچ کیا جاسکے۔ واضح رہے کہ ان علاقوں میں ایرانی حمایت یافتہ عسکریت پسندوں کا سب سے بڑا مرکز ہے۔