آصف زرداری اور چوہدری پرویز الہیٰ کے درمیان اہم ملاقات

185
لاہور: اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی بلاول ہائوس میں آصف علی زرداری سے ملاقات کررہے ہیں

لاہور(نمائندہ جسارت)سابق صدر آصف زرداری اور چودھری پرویز الٰہی کے درمیان اہم ملاقات۔تفصیلات کے مطابق بلاول ہائوس میں اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی اور سابق صدر آصف علی زرداری کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔ذرائع کے مطابق آصف علی زرداری نے چودھری پرویز الٰہی سے کہا کہ آپ ہمارے بھی اتحادی تھے اور اس حکومت کے بھی، فرق تو پتہ چل گیا ہوگا، اگلے عام انتخابات میں پیپلزپارٹی سب کو سرپرائز دے گی۔ذرائع کے مطابق آصف زرداری نے کہا کہ عمران خان کبھی بھی سیاست دان نہیں تھے، عمران خان کو لانے والے اب پچھتا رہے ہیں، عمران خان اور وزراء سمجھتے ہیں دھمکیوں سے سندھ حکومت کو ڈرا دیں گے تویہ ان کی بھول ہے، ہم نے تو آمروں کا مقابلہ کیا، یہ کیا چیزہیں۔ذرائع کے مطابق آصف زرداری نے مزید کہا کہ بلاول نے ثابت کیا ہے وہ بہترین اپوزیشن کرنا جانتا ہے۔پرویز الٰہی سے ملاقات میں سابق صدر نے کہا کہ جنوبی پنجاب کی اہم شخصیات پیپلزپارٹی میں شامل ہوں گی۔ذرائع کے مطابق اس موقع پر اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی نے کہا کہ ہم نے اتحادی ہونے کے باوجود متعدد مرتبہ حکومتی پالیسوں سے اختلاف کیا،تمام اسمبلیوں میں ہنگامہ آرائی ہوئی مگرپنجاب میں ایسا نہیں ہونے دیا، اب تحریک انصاف کے اتحادی ہیں تو انتخابات تک اتحادی ہی رہیں گے، قومی اسمبلی میں متعدد مرتبہ بلاول کی تقریر سنی ، وہ بہت میچور بات کرتے ہیں۔چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ آصف علی زرداری نے پنجاب میں سینیٹ کے بلامقابلہ انتخاب میں میرے کہنے پر جو تعاون کیا تھا اس پر میں ان کا شکریہ ادا کرنے آیا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میں تو زرداری صاحب سے ملنے کراچی جانا چاہتا تھا لیکن انہوں نے کہا کہ میں لاہور آئوں گا تو انشاء اللہ ملاقات ہو گی۔