اسلام آباد: ویکسی نیشن مرکز پر شہریوں کا ہنگامہ‘ پولیس طلب

205

اسلام آباد (نمائندہ جسارت) اسلام آباد کے سیکٹر ایف نائن میں کورونا ویکسی نیشن مرکز پر منگل کے روز ویکسین لگوانے کے لیے آنے والے افراد نے ہنگامہ آرائی کی، جس کے بعد صورت حال پر قابو پانے کے لیے پولیس طلب کرلی گئی۔ تفصیلات کے مطابق ایف نائن کے ویکسی نیشن مرکز کے باہر عوام کے احتجاج سے سینٹر میں کام بھی متاثر ہوا۔ معلوم ہوا ہے کہ ایف نائن کے ویکسی نیشن سینٹر کے باہر بیرون ملک جانے کے لیے ایسٹرا زنیکا ویکسین لگوانے کے لیے آنے والوں نے احتجاج کیا اور بتایا کہ ہم بیرون ملک جانے کے لیے ایسٹرا زنیکا ویکسین لگوانے آئے ہیں۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ ہم دور دراز علاقوں سے ویکسین لگوانے کے لیے یہاں آئے ہیں اور اب ہمیں بتایا جارہا ہے کہ ایسٹرا زنیکا ویکسین دستیاب نہیں ہے۔