سندھ میں کسی کو الطاف حسین والی سیاست نہیں کرنے دیں گے،بلاول

233

کراچی(اسٹاف رپورٹر+مانیٹرنگ ڈیسک) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول زرداری نے کہا ہے کہ سندھ میں ہم کسی کو الطاف حسین والی سیاست واپس لانے کی اجازت نہیں دیں گے،جو نیا پاکستان ہمارے سامنے بن رہا ہے اس میں عوام سے روٹی ، کپڑا اور مکان کے علاوہ جمہوری خواب بھی چھینا جا رہاہے،ایک سازش کی جارہی ہے کہ انٹیلکچوئل کو دہشت گرد قرار دے دیا جائے،جس طرح ہم سیاستدانوں کو غدار قرار دیا جاتا ہے،بڑے بڑے لوگ مانیں یا نہ مانیں لیکن سندھ میں کام ہوا ہے ، صوبے میں اتنا کام ہوا ہے جو کوئی بزدار اور عمران خان نہیں کرسکتے۔انہوں نے واضح کیا کہ ہم سیاسی جماعتوں سے لڑائی نہیں لڑ رہے ،ابھی کورونا کی وجہ سے جو معاشی بحران ہے، کورونا کے باوجود سندھ حکومت کام کررہی ہے، طعنہ دیا جاتا ہے کہ یہاں کچھ نہیں ہورہا، ہم نے خان صاحب کی طرح معاشی ترقی کے نعرے نہیں لگائے، انویسٹر کے ساتھ مل کر تھر میں معاشی انقلاب لائے ہیں،سندھ کے ترقیاتی منصوبوں میں پبلک پارٹنر شپ کو سب سراہتے ہیں، سندھ نے گندم کی قیمت میں اضافہ کرکے پنجاب کو بھی گندم قیمت میں اضافے پر مجبور کیا۔گزشتہ روزسندھ اسمبلی آڈیٹوریم میں شہید بینظیر بھٹوکی 68 ویں سالگرہ کی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں بلاول نے خصوصی طور پر شرکت کی اور کیک کاٹ کر شہید بی بی کی سالگرہ کی تقریبات کا آغاز کیا۔تقریب میں وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، فریال تالپور، سابق وزیر اعلیٰ سید قائم علی شاہ، اسپیکر آغا سراج درانی سمیت صوبائی وزرا اور دیگر شخصیات نے شرکت کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے بلاول زرداری نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے منشورپر عمل کرنیکی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب بی بی کے سیاسی منشور اور نامکمل جدوجہد کو مکمل کرنے کے لیے کوشش کررہے ہیں ، بی بی کے خلاف غیر جمہوری قوتیں تھیں، وہ آج بھی پیپلز پارٹی کے خلاف اپنا کام کر رہی ہیں، پیپلز پارٹی کے کارکنان نے بی بی کا مشن زندہ رکھا۔