شوگر اسکینڈل ،شہباز شریف اور حمزہ کی عبوری ضمانت منظور

87

لاہور(نمائندہ جسارت)ایڈیشنل سیشن جج سید علی عباس کی عدالت نے مسلم لیگ (ن) کے صدر اور اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کی جانب سے دائر کردہ درخواست عبوری ضمانت پر سماعت کرتے ہوئے دونوں باپ ،بیٹے کی 10 جولائی تک عبوری ضمانت منظور کرلی ہے جس کے لیے عدالت نے دونوں درخواست گزاروں سے10،10لاکھ روپے مالیت کے مچلکے طلب کرلیے ہیں اور ایف آئی اے کو حکم دیا ہے کہ دونوں درخواست گزاروں کو آئندہ سماعت تک گرفتار نہ کیا جائے۔ شہباز شریف اور حمزہ شہباز نے شوگر ملز اسکینڈل اور منی لانڈرنگ کیس میں درخواست عبوری ضمانت دائر کی تھی۔ گزشتہ روز سماعت کے موقع پر شہبازشریف اور حمزہ شہباز عدالت میں پیش ہوئے تھے۔علاوہ ازیںشہباز شریف(آج)منگل کو ایف آئی اے کی تحقیقاتی کمیٹی کے روبرو پیش ہوںگے۔ اس سلسلے میں شہباز شریف نے قانونی ٹیم سے مشاورت مکمل کرلی ہے۔ جس کے بعد انہوں نے آج ایف آئی اے کی تحقیقاتی کمیٹی کے روبر پیش ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ ایف آئی اے نے چینی اسکینڈل میں اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی کو آج 22 جون کو طلب کر رکھا ہے۔ جنہیں طلبی نوٹس جاری کیے جاچکے ہیں۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ شہباز شریف نے کارکنوں کو ایف آئی اے پیشی کے موقع پر ایف آئی اے کے دفتر کے باہر پہنچنے کی ہدایات جاری کردی ہیں جبکہ ایف آئی اے حکام نے شہباز شریف کی ایف آئی اے کے دفاتر پیشی پر آمد کے سلسلے میں ایف آئی اے دفاتر کی سیکورٹی بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے اور سی سی پی او لاہور سے سیکورٹی مانگ لی ہے۔ ایف آئی اے کی جانب سے سی سی پی او لاہور کو ایک خط بھی ارسال کردیا گیا ہے۔