کراچی(اسٹاف رپورٹر)بلاول ہائوس کے باہر احتجاج اور پولیس کا مظاہرین پر مبینہ تشدد، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے مبینہ تشدد کا نوٹس لیا ہے ۔ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے اس ضمن میں کہا ہے کہ سندھ حکومت اظہار رائے کا احترام کرتی ہے،مذکورہ احتجاج اور مبینہ تشدد سے متعلق وزیراعلیٰ سندھ نے اعلیٰ سطح کی انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی ہے، کمیٹی تمام صورتحال کی انکوائری کرے گی ۔ مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ پیپلزپارٹی عوام کے احتجاج کے حق کا احترام کرتی ہے مگر لوگوں کو بھی احتجاج کرتے وقت اس بات کا خیال رکھنا چاہیے کہ دوسروں کو تکلیف نہ ہو،اس حوالے سے میری ایس ایس پی ضلع جنوبی سے بات ہوئی ہے ، ان کا کہنا ہے کہ پولیس نے کوئی گرفتاری نہیں کی، ایس ایس پی نے بتایا کہ پولیس نے کسی پر کوئی تشدد نہیں کیا ،صرف مظاہرین کو ٹریفک بلاک کرنے سے منع کیا گیاتھا۔